ابتدائی حلقہ بندیوں کی فہرست جاری قومی اسمبلی کی نشتیں کم ہوکر 266 پر پہنچ گئیں

حلقہ بندیوں پر اعتراضات 28 ستمبر سے 27 اکتوبر تک جمع کرائے جاسکتے ہیں، حتمی فہرست 30 نومبر کو جاری ہوگی


Staff Reporter September 27, 2023
فوٹو فائل

الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے ابتدائی حلقہ بندیوں کی فہرست جاری کردی، جس کے مطابق قومی اسمبلی کی نشستیں 272 سے کم ہوکر 266 ہوگئیں۔

تفصیلات کے مطابق مردم شماری کی منظوری کے بعد عام انتخابات کیلیے حلقہ بندیوں پر الیکشن کمیشن کی جانب سے کام تیزی سے جاری ہے۔

نئی حلقہ بندیوں کے بعد قومی اسمبلی کی جنرل نشستیں 272 سے کم ہوکر 266 ہوگئیں جبکہ خیبرپختونخوا کے ضم اضلاع کی نشتیں 10 سے کم ہوکر چار رہ گئیں۔

کراچی کے ضلع ساؤتھ کی ایک نشست میں اضافہ ہوگیا جبکہ سانگھڑ کی قومی اسمبلی کی نشتیں تین سے کم ہوکر دو رہ گئیں۔

صوبائی اسمبلی سندھ کی نشستوں میں بھی ردوبدل ہوا، جس کے مطابق کراچی ایسٹ، سینٹرل اور ملیر کی ایک ایک نشست بڑھ گئی جبکہ خیر پور سانگھڑ اور ٹھٹھہ کی ایک ایک نشست کم ہوگئی۔

مزید پڑھیں: نئی حلقہ بندیوں میں خیبرپختونخوا میں قومی اسمبلی کی 6 نشستیں کم ہوگئیں

پنجاب کے ضلع بھکر میں صوبائی کی ایک نشست میں اضافہ ہوا جبکہ پختونخوا میں پشاور اور ہنگو کا ایک ایک حلقہ ختم کر کے چترال اور باجوڑ کا ایک ایک حلقہ بڑھا دیا گیا۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری حلقہ بندیوں پر تجاویز اور اعتراضات 28 ستمبر سے 27 اکتوبر تک دائر کرائے جاسکتے ہیں جن پر 26 نومبر تک فیصلہ کردیا جائے گا اور پھر 30 نومبر کو حتمی حلقہ بندیوں کی فہرست جاری کی جائے گی۔

الیکشن کمیشن کے مطابق حلقہ بندیوں میں قومی و صوبائی اسمبلیوں کی موجودہ نشستیں برقرار رہیں گی۔

فہرست کے مطابق قومی اسمبلی کی 266، پنجاب اسمبلی 297 ، سندھ اسمبلی 130، بلوچستان اسمبلی کی 51 اور خیبرپختونخوا اسمبلی کی 115 نشستوں پر حلقہ بندیاں ہوئیں ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں