پی ٹی آئی کے وکیل شیر افضل مروت اور لیگی سینیٹر افنان میں ہاتھا پائی
چیئرمین پی ٹی آئی سے متعلق بیان پر شیر افضل نے پہلے ہاتھ اٹھایا، واقعہ ایکسپریس نیوز کے پروگرام کل تک میں پیش آیا
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین کے وکیل شیر افضل مروت اور ن لیگ کے رہنما و سینیٹر افنان اللہ کے درمیان پروگرام میں ہاتھا پائی ہوئی جس کے دوران دونوں نے لاتوں اور مکوں کا آزادانہ استعمال کیا۔
ایک روز قبل ایکسپریس نیوز کے پروگرام 'کل تک' میں سینیٹر افنان اللہ اور پی ٹی آئی کے وکیل شیر افضل مروت شریک ہوئے، جس میں دونوں مہمانوں کے درمیان جھگڑے کا آغاز تلخ جملوں سے ہوا۔
سینیٹر افنان اور شیر افضل مروت نے ایک دوسرے کے قائدین سے متعلق جملے کسے جس پر پی ٹی آئی کے وکیل کھڑے ہوئے اور انہوں نے لیگی رہنما کو پروگرام کے دوران تھپڑ مارا۔
جواب میں سینیٹر افنان نے اپنا بچاؤ کرتے ہوئے شیر افضل مروت کو دھکا دیا اور پھر لاتوں اور مکوں سے خاطر تواضع کی۔ پروگرام کے میزبان جاوید چوہدری اور ٹیم کے اراکین نے دونوں کو چھڑوا کر معاملہ رفع دفع کروایا تاہم شیر افضل مروت درمیان پروگرام سے اٹھ کر چلے گئے۔
شیر افضل مروت اور سینیٹر افنان اللہ نے جھگڑے کے حوالے سے سماجی رابطے کی سائٹ ایکس کا سہارا لیا اور ایک دوسرے پر لفظی حملے کیے۔ قبل ازیں عدالت میں پیشی کے موقع پر شیر افضل مروت نے جھگڑے سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں کہا کہ 'افنان نے نواز شریف کی واپسی سے متعلق سوال پر میرا جواب سُن کر میرے لیڈر کے بارے میں غلط بات کی جس پر مجھ سے برداشت نہیں ہوا'۔ انہوں نے کہا کہ میں صرف عمران خان کا وکیل نہیں بلکہ اُن کا مرید بھی ہوں، سینیٹر افنان کے الفاظ سُن کر جذباتی ہوگیا تھا، جس پر مجھے افسوس ہے مگر اُس کے لیے اتنی خوراک کافی ہے۔
دوسری جانب سماجی رابطے کی سائٹ پر سینیٹر افنان اللہ نے لکھا کہ 'میں اپنی بات کو دلیل سے منوانے کا عادی ہوں اور اس قسم کے جھگڑوں سے ہمیشہ اجتناب ہی کرتا رہا ہوں مگر جو شخص نواز شریف کے بارے میں غلط بات کرے گا تو وہ برداشت نہیں ہے، اس کا بھی ایسا حال کیا ہے کہ اب یہ چشمہ لگائے نظر آئیں گے'۔