ہیری پوٹر سیریز کی فلموں کے ’ ہیڈ ماسٹر‘ سرمائیکل گیمبن انتقال کرگئے
سر مائیکل گیمبون نے چھ عشروں پر محیط کیریئر میں تھیٹر سے لے کرسلور اسکرین تک متعدد کرداروں میں صلاحیتوں کے جوہر دکھائے
September 28, 2023
ہیری پوٹر سیریز میں اسکول کے ہیڈماسٹر البس ڈمبل ڈور کے کردار سے شہرت پانے والے برطانوی اداکار سر مائیکل گیمبن 82سال کی عمر میں انتقال کرگئے۔
آئرلینڈ سے تعلق رکھنے والے مائیکل گیمبن کے اہل خانہ کی طرف سے جاری بیان میں ان کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ وہ نمونیے کا شکار ہونے کے بعد اسپتال میں زیرعلاج تھے، مگر مرض کی شدت کی وجہ سے زندگی کی بازی ہار گئے۔
سر مائیکل گیمبن نے چھ عشروں پر محیط اپنے فنی کیریئر میں تھیٹر سے لے کر سلور اسکرین تک متعدد کرداروں میں اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائے۔
سر مائیکل گیمبن کے اداکارانہ کیریئر کی ابتدا اسٹیج سے ہوئی تھی اور یہی میدان ان کی شناخت کی وجہ بنا۔ اس دوران انہوں نے فلموں میں بھی مختلف کردار ادا کیے مگر ان کی پہچان اسٹیج اداکار کے طور پر رہی۔
اسٹیج ڈراموں نے سر مائیکل گیمبن کی صلاحیتوں کو اس قدر نکھار دیا کہ پھر ٹیلی ویژن ڈراموں اور فلموں میں پیچیدہ ترین کرداروں کی ادائیگی بھی ان کے لیے مشکل نہ رہی۔
سر مائیکل گیمبن نے اسٹیج کے ساتھ ساتھ فلموں میں بھی کام کیا، انہوں نے برطانوی بادشاہوں پر بنائی گئی دو فلموں میں شاہ برطانیہ کا کردار ادا کیا جو بے حد مقبول ہوا۔
اپنے کیریئر میں آئرش اداکار نے ڈیڑھ سو سے زائد ڈراموں اور فلموں میں کام کیا، تاہم انہیں عالمی شہرت ہیری پوٹر سیریز کی تیسری فلم میں عمررسیدہ اسکول ہیڈماسٹر البس ڈمبل ڈور کے کردار سے ملی۔ سر مائیکل گیمبن نے ہیری پوٹر سیریز کی چھ فلموں میں یہ کردار نبھایا اور عالمگیر مقبولیت پائی۔
برطانوی تھیٹر کے لیے گراں قدر خدمات انجام دینے پر انہیں ملکہ برطانیہ کی جانب سے موسٹ ایکسیلنٹ آرڈر آف دی برٹش ایمپائر (سی بی ای ) اور سر کا خطاب دیا گیا تھا۔
سر مائیکل گیمبن نے متعدد فلمی اعزازات بھی حاصل کیے جن میں برٹش اکیڈمی ٹیلی ویژن ایوارڈ، اسکرین ایکٹرز گلڈ ایوارڈز ، اولیور ایوارڈز اور دیگر شامل ہیں۔