پاکستانی یوٹیوبرز نے بھارتی ویزے مسترد کیے جانے کی تردید کردی

اس خبر کی وجہ سے پاکستانی شائقین کرکٹ شدید غصے میں آگئے


ویب ڈیسک September 29, 2023
پاکستانی یوٹیوبرز کی ویزا مسترد سے متعلق خبروں کی تردید: فوٹو ویب ڈیسک

دُنیائے کرکٹ کا سب سے بڑا ایونٹ ورلڈ کپ 2023، 5 اکتوبر سے پڑوسی ملک بھارت میں شروع ہورہا ہے جس کے لیے قومی کرکٹ ٹیم بھارت پہنچ گئی ہے لیکن اسی دوران یہ خبریں بھی سامنے آرہی ہیں کہ بھارت نے پاکستان کے نامور سوشل میڈیا انفلوئنسرز اور یوٹیوبرز کے ویزا مسترد کردیے ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر زیرِ گردش خبروں میں یہ کہا جارہا ہے کہ بھارت نے معروف پاکستانی یوٹیوبر نادرعلی، مومن ثاقب، سعد الرحمٰن عرف ڈکی بھائی اور خود کو پاکستانی ظاہر کرنے والی متحدہ عرب امارات کی رہائشی بھارتی ٹک ٹاکر المعروف 'لو کہانی' کے آئی سی سی ورلڈ کپ کے لیے ویزے مسترد کردیے ہیں۔

https://twitter.com/SharyOfficial/status/1706762437163196723

اس خبر کی وجہ سے پاکستانی شائقین کرکٹ شدید غصے میں آگئے لیکن یوٹیوبر ڈکی بھائی اور مومن ثاقب نے اپنے سوشل میڈیا بیان کے ذریعے بھارتی ویزا مسترد ہونے کی افواہوں کی تردید کردی ہے۔

مومن ثاقب نے اپنے سوشل میڈیا بیان میں کہا کہ 'خبریں گردش کررہی ہیں کہ بھارت نے میرا ویزا مسترد کردیا ہے، آپ سب کی اطلاع کے لیے بتاتا چلوں کہ میں نے ابھی بھارتی ویزا کے لیے اپلائی ہی نہیں کیا'۔



اُنہوں نے کہا کہ 'سب سے درخواست ہے کہ کوئی بھی غلط معلومات پھیلانے سے پہلے خبر کی جانچ پڑتال اور تصدیق ضرور کرلیا کریں اور اس طرح کی جھوٹی افواہوں کو پھیلانے سے گریز کریں'۔

دوسری جانب ڈکی بھائی نے بھی بھارتی ویزا مسترد ہونے کی خبروں سے متعلق ایکس پر واضح کیا کہ 'سوشل میڈیا پر کچھ افواہیں زیرِ گردش ہیں کہ میں نے آئی سی سی ورلڈ کپ 2023 کے لیے بھارتی ویزا کے لیے درخواست دی تھی جسے مسترد کردیا گیا ہے'۔



ڈکی بھائی نے کہا کہ 'یہ خبر جھوٹی ہے، اس میں کوئی صداقت نہیں، میں نے ورلڈ کپ 2023 کے لیے بھارتی ویزا کی دراخوست جمع ہی نہیں کروائی لہٰذا جھوٹی خبروں پر یقین کرنے سے پہلے ہمیشہ حقائق کی جانچ پڑتال لازمی کریں'۔

مزید پڑھیں: کرکٹرزکے بعد پاکستانی اداکار بھی بھارت آسکتے ہیں؟ بھارتی ڈائریکٹر

دوسری جانب یوٹیوبر نادر علی اور اماراتی رہائشی المعروف 'لو کہانی' نے بھارتی ویزا مسترد ہونے کی خبروں سے متعلق کوئی بیان جاری نہیں کیا ہے۔

واضح رہے کہ آئی سی سی ورلڈ کپ کا آغاز 5 اکتوبر سے ہوگا، قومی ٹیم ایونٹ میں اپنا پہلا میچ نیدرلینڈز کے خلاف کھیلے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں