پاکستان کو پولیو فری بنانے کیلئے جنگی بنیادوں پر کام کیا جائے وزیراعظم

پولیو کے خاتمے کے لیے حکومت کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات کی خود نگرانی کروں گا، وزیراعظم نواز شریف

پولیو کے خاتمے کے لئے کام کرنے والوں کو بھرپور سیکیورٹی فراہم کی جائے، نواز شریف فوٹو : فائل

وزیراعظم نواز شریف نے پاکستان سے پولیو کے مکمل خاتمے کےلئے جنگی بنادوں پر کام کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کو جلد پولیو فری بنایا جائے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق اسلام آباد میں وزیراعظم نواز شریف کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں وزارت صحت کی جانب سے پولیو کے معاملے پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر وزیر اعظم نواز شریف نے وزارت صحت کے حکام کو پاکستان سے پولیو کے مکمل خاتمے کے لئے جنگی بنادوں پر کام کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ملک کو جلد پولیو فری بنایا جائے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ پولیو کے خلاف بھرپور میڈیا مہم اور آگاہی تحریک چلائی جائے جب کہ اس حوالے سے حکومت کی جانب سے کئے جانے والے تمام اقدامات کی خود نگرانی کروں گا۔


وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ ملک سے پولیو کے خاتمے کےلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے ورکرز کی قربانیاں قابل ستائش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پولیو کے خاتمے کے لئے کام کرنے والے رضا کاروں کو بھرپور سیکیورٹی فراہم کرے گی۔

اس سے قبل وزیراعظم نواز شریف نے فاٹا سے بندوبستی کے علاقے میں آنے والوں کے لئے پولیو ویکسین کو لازمی قرار دے کر نقل مکانی کرنے والے افراد کو ویکسین پلانے کے لئے قبائلی اور بندوبستی علاقوں کی حدود پر فوج کو تعینات کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
Load Next Story