کراچی میں سال کا گرم ترین دن ریکارڈ
اتوار اور پیر کو بھی درجہ حرارت 41 ڈگری سے تجاوز کرسکتا ہے، محکمہ موسمیات
شہر میں ہفتہ کو سال کا گرم ترین دن ریکارڈ کیا گیا، پارہ 40.6 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا پہنچا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ہفتہ کو شہرکا موسم گرم وخشک رہا۔ سمندری ہوائیں بند ہونے اور بلوچستان کی گرم ریگستانی شمال مشرقی ہوائیں چلنے کے بعد دن کے وقت کچھ دیر کیلئے لوکے تھپیڑے چلے۔
محکمہ موسمیات ارلی وارننگ سینٹرکی پیش گوئی کے مطابق شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 40.6 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب صرف 26 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔ نمی کا تناسب کم ہونے کے سبب گرمی زیادہ محسوس نہیں کی گئی۔
شہر میں گرمی کی موجودہ لہرمنگل تک برقراررہنے کا امکان ہے۔ اتوار اور پیر کو درجہ حرارت 41 ڈگری سے تجاوزکرسکتا ہے۔ اس دوران صبح سے سہ پہر کے درمیان سمندری ہوائیں مختصروقت کیلئے غیرفعال رہ سکتی ہیں، بلوچستان کی شمال مشرقی ہوائیں شہرپراثراندازرہیں گی۔
ارلی وارننگ سینٹرکے مطابق جنوبی سندھ بھی موسم گرم اورخشک رہنے کا امکان ہے۔ حیدرآباد، بدین اور ٹھٹھہ سمیت دیگراضلاع میں درجہ حرارت 39 سے 41 ڈگری کے درمیان ریکارڈ ہوسکتا ہے۔