کراچی کرائے دار نے مالک مکان کو فائرنگ سے زخمی کرکے خودکشی کرلی

متوفی گھر میں تنہا رہتا تھا، دبئی کاروبار کے لیے گیا تھا جہاں اسے مزید نقصان ہوگیا تھا، ایس ایچ او شاہ لطیف ٹاؤن


Staff Reporter October 01, 2023
فوٹو: فائل

شاہ لطیف ٹاؤن کے علاقے میں کرائے دار نے فائرنگ کرکے مالک مکان اور پڑوسی کو زخمی کرنےکے بعد خودکشی کرلی۔

ایس ایچ او شاہ لطیف ٹاؤن معراج انور کے مطابق سیکٹر 17 بی میں مالک مکان حمید شیخ نے کرایہ نہ ملنے پر کرائے دار کی بجلی بند کردی جس پر کرائے دار ملک بابر نے طیش میں آکر حیمد شیخ اور پڑوسی حسیب شیخ کو فائرنگ کرکے زخمی کردیا اور گھر میں جاکر خود کو کنپٹی پر گولی مارکر خودکشی کرلی۔

ایس ایچ او نے مزید بتایا کہ متوفی گھر میں تنہا رہتا تھا ، کچھ عرصے قبل اسے کسٹم سے نکال دیا گیا تھا اور وہ حال ہی میں دبئی کاروبار کے لیے گیا تھا جہاں اسے مزید نقصان ہوگیا جس پر وہ کراچی آگیا تھا اور دو ماہ سے کرایہ بھی نہیں دیا تھا۔

ایس ایچ او کے مطابق مالک مکان حمید شیخ اس پر کرائے کی ادائیگی کے لیے دباؤ ڈال رہا تھا، اتوار کی شام حمید شیخ نے بجلی بند کردی جس پر جھگڑا شروع ہوا۔

متوفی کی فیملی اندرون سندھ میں رہائش پذیر ہے جبکہ مکان مالک کے بھائی کا تعلق میڈیا سے ہے۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے تیس بور کے تین خول حاصل کیے ہیں۔

ایس ایس پی ملیر کی ہدایت پر ایس ایچ او شاہ لطیف نے عینی شاہدین کے بیانات بھی قلم بند کیے ہیں جبکہ کرائے دار نے جس ہتھیار سے فائرنگ کرکے خودکشی کی اسے بھی پولیس نے اپنی تحویل میں لے لیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں