ڈیزل سستا ہونے کے باوجود ٹرینوں کے کرائے کم نہ ہوسکے
16 اگست سے 18 ستمبر کے دوران ڈیزل مہنگا ہونے پر ریلوے کے کرایوں میں 3 مرتبہ اضافہ کیا گیا تھا
پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے باوجود ٹرینوں کے کرائے کم نہ ہوسکے۔
حکومت نے دو روز قبل ڈیزل کی قیمت میں 11 روپے فی لیٹر کمی کی تھی، مگر ڈیزل سستا ہونے کے باوجود ٹرینوں کے کرائے کم نہیں کیے گئے۔
واضح رہے کہ 16 اگست سے 18 ستمبر کے دوران ڈیزل مہنگا ہونے پر 3 مرتبہ کرایوں میں اضافہ کیا گیا تھا۔ پاکستان ریلویز نے 16 اگست کو 10 فیصد، یکم اور 18 ستمبر کو 5، 5 فیصد کرایہ بڑھایا تھا۔
ریلوے ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹرینوں کے کرایے کم کرنے کے حوالے سے مشاورت جاری ہے فی الوقت حتمی فیصلہ نہیں ہوا۔
ریلوے حکام کے مطابق پاکستان ریلوے کے سسٹم میں روزانہ تقریباً ساڑھے 3 لاکھ لیٹر ڈیزل استعمال ہوتا ہے۔