تین سال میں ہم نے آئی ایم ایف کو ملک بیچا ہے فضل الرحمان

ہم آئی ایم ایف کا حکم مان کر سینہ چوڑا کرتے ہیں، جے یو آئی سربراہ کا خوشاب جلسے میں خطاب


October 02, 2023
فوٹو فائل

جمیعت علما اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ گزشتہ تین سال میں ہم نے آئی ایم ایف کو پاکستان فروخت کیا ہے۔

خوشاب میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے فضل الرحمان نے کہا کہ ہر چند ماہ بعد آئی ایم ایف ایک نیا معاہدہ کررہا ہوتا ہے اور ہمیں اپنی شرائط پر امداد و قرض دیتا ہے اور ہم حکم مان کر سینہ چوڑا کرتے ہیں جبکہ عالمی اداروں کا کسی دوسرے ملک پر دباؤ نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ تین سال میں ہم نے آئی ایم ایف کو ملک بیچا ہے، ہمارے ملک میں مافیاز ڈالرز کا استعمال کررہے ہیں جبکہ نشانے پر صرف سیاستدان ہوتا ہے اور پسِ پردہ حکمرانی بھی کوئی اور کرتا ہے۔

جے یو آئی کے سربراہ نے کہا کہ اسرائیل کو تسلیم کرنے کا دباؤ صرف پاکستان پر ہے، اسرائیل کو کیوں تسلیم کریں وہ تو ایک ناجائز حکومت ہے، فلسطین کو تسلیم کرنے والی بات کہاں چلی گئی۔

انہوں نے کہا کہ میں سوال کرنا چاہتا ہوں کہ اسلامی دنیا کے سربراہان بتائیں کہ فلسطین کے معاملے پر آپ کا مؤقف کہاں دفن ہوگیا۔

فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ عام آدمی کی تربیت یوں کی جارہی ہے کہ صرف نماز پڑھ لی جائے جبکہ اسلام انسانی حقوق کے تحفظ کا باقاعدہ نظام رکھتا ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ جب تک قرآن و سنت کو رہنما نہیں سمجھیں گے تب تک خوشحالی نہیں آئے گی، پارلیمنٹ میں ایسے لوگوں کو بھردیا جاتا ہے جنہیں قرآن و سنت کا علم نہیں ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں