لیفٹیننٹ جنرل محمد منیر افسر چیئرمین نادرا تعینات

لیفٹیننٹ جنرل محمد منیر افسر کو انسپکٹر جنرل کمیونیکیشن اینڈ آئی ٹی کے ساتھ پاکستان آرمی سائبر کمانڈ بھی رہ چکے ہیں

فوٹو فائل

حکومت نے لیفٹیننٹ جنرل محمد منیر افسر کو چیئرمین نادرا تعینات کرنے کی منظوری دے دی، جس کے بعد تعیناتی کا نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا۔

وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت نگراں وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں اراکین نے لفٹیننٹ جنرل منیرافسر کو بطور چیئرمین نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی (نادرا) تعینات کرنے کی منظوری دی۔ وفاقی کابینہ کی مںظوری کے بعد چیئرمین نادرا کی تعیناتی کا نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا۔

چیئرمین نادرا کی تعیناتی کیلیے وزارت داخلہ کی جانب سے تین نام کابینہ کو بھیجے گئے تھے، جن پر اراکین نے تفصیلی غور کرنے کے بعد لیفٹیننٹ جنرل محمد منیر افسر کو چیئرمین نادرا تعینات کرنے کی منظوری دی۔

لیفٹیننٹ جنرل محمد منیر افسر کی خدمات

لیفٹیننٹ جنرل محمد منیر افسر پاکستان آرمی اور اقوام متحدہ مشن میں آئی ٹی سے متعلق تکنیکی ترقی اور انتظام کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں جبکہ انہوں نے پبلک پالیسی اینڈ نیشنل سیکورٹی مینجمنٹ میں ایم فل ہیں۔ انہوں نے 2010ءکے سیلاب کے دوران جی آئی ایس کے شعبہ میں پبلک پالیسی رسپانس پر تحقیقی مقالہ مرتب کیا۔

لیفٹیننٹ جنرل منیر افسر نے جیو گرافک انفارمیشن سسٹمز (جی آئی ایس) اور ریموٹ سینسنگ میں ایم ایس کیا۔ فوٹو میٹری کے ذریعے تیز رفتار جغرافیائی ڈیٹا تخلیق سے متعلق ان کے مقالے پر انہیں صدارتی ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔

این ڈی یو واشنگٹن ڈی سی سے نیشنل ریسورس اسٹریٹجی (سی اینڈ آئی ٹی انڈسٹری اینڈ سپلائی چین مینجمنٹ) میں ایم ایس کیا جہاں انہیں ایک ممتاز گریجویٹ قرار دیا گیا۔ اس وقت وہ نسٹ (NUST) اسلام آباد میں ریموٹ سینسنگ میں پی ایچ ڈی کے امیدوار ہیں اور ان کا تحقیقی مقالہ ریموٹ سینسنگ اور مصنوعی ذہانت کے ذریعے پلانٹ ڈزیزز کا پتہ لگانے سے متعلق ہے۔

منیسر افسر نے آئی ٹی اور جی آئی ایس کے مختلف پہلوﺅں سے متعلق کریڈٹ کے لئے متعدد تحقیقی اشاعتیں کیں۔ آئی ٹی سے متعلق کام کے تجربہ میں ملٹری جیو گرافک انفارمیشن سسٹمز (جی آئی ایس) آفیسر کے طور پر یو این ایم ایس میں خدمات انجام شامل ہیں۔


سنہ 2010ءکے سیلاب کے دوران سیلاب سے بحالی کے لئے جی آئی ایس ایپلی کیشن کی تیاری میں ان کی وسیع پیمانے پر خدمات موجود ہیں۔ میجر جنرل کی حیثیت سے وہ ڈی جی کمانڈ، کنٹرول، کمیونیکیشن، کمپیوٹرز اینڈ انٹیلی جنس (C41) ڈائریکٹوریٹ کے ڈائریکٹر جنرل بھی رہے جو آئی ٹی کے مکمل انتظام کی ذمہ دار رہے۔

لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر ترقی کے بعد وہ انسپکٹر جنرل کمیونیکیشن اینڈ آئی ٹی کے ساتھ ساتھ کمانڈر پاکستان آرمی سائبر کمانڈ بھی رہ چکے ہیں۔

کابینہ اجلاس کا احوال

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ پیشہ وارانہ تعلیم اور فنی تربیت کے پروگرامز کو بین الاقوامی مارکیٹ کی ضروریات سے ہم آہنگ کرنے کی ضرورت ہے، ہنر مند افراد کی بیرون ملک روزگار مواقع بڑھانے کے حوالے سے اقدامات اٹھائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ افرادی قوت ہمارا سرمایہ ہے، افرادی قوت کو عصری تقاضوں کے مطابق ہنر کی فراہمی کے حوالے سے جنگی بنیادوں پر کام کیا جائے فنی اور پیشہ وارانہ تربیت کے موجودہ تمام مراکز کو فعال کیا جائے۔

وفاقی کابینہ نے وفاقی وزارتِ تعلیم و فنی تربیت کی سفارش پر تکامل(Takamol) اور نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنکل ٹریننگ کمیشن کے مابین سروس لیول کے ترمیمی معاہدے منظوری دے دی۔

وفاقی کابینہ نے وفاقی وزارتِ تعلیم و فنی تربیت کی سفارش پر ایریا اسٹڈیز سینٹر، یونیورسٹی آف پشاور اور کوروینس یونیورسٹی ہنگری کے سینٹرل ایشیاء ریسرچ سینٹر کے مابین معاہدے کی یادداشت پر دستخط کی منظوری دے دی۔

کابینہ نے وفاقی وزارتِ خزانہ کی سفارش پر سمٹ بینک لمیٹڈ کا نام بینک مکرمہ لمیٹڈ رکھنے کی منظوری دے دی۔ وفاقی وزارتِ داخلہ کی سفارش پر وفاقی کابینہ نے حکومت پاکستان اور حکومت ایکواڈور کے مابین معاہدے کی منظوری دے دی جس کے تحت دونوں ممالک کے ڈپلومیٹک، آفیشل اور اسپیشل پاسپورٹ ہولڈرز باہمی طور پر ویزا سے مستثنیٰ ہونگے۔

علاوہ وفاقی کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کی 6 ستمبر 2023 َ اور 19 ستمبر 2023 کے اجلاسوں کے فیصلوں کی توثیق کر دی۔
Load Next Story