بیرونی سرمایہ کاری 3 ارب ڈالر کے قریب پہنچ گئی

10ماہ میں133فیصداضافہ،فارن پبلک انویسٹمنٹ954فیصدبڑھ کر 2.06 ارب ہوگئی


Business Reporter May 16, 2014
گزشتہ ماہ انٹرنیشنل مارکیٹ میں 2 ارب ڈالر کے بانڈ فروخت کیے گئے تھے۔ فوٹو: فائل

لاہور: ملک میں رواں مالی سال کے پہلے 10ماہ کے دوران مجموعی غیرملکی سرمایہ کاری 133.3فیصد اضافہ سے 2 ارب 97کروڑ 90 لاکھ ڈالر رہی تاہم براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری 13فیصد کمی سے 75 کروڑ 9 لاکھ ڈالر ریکارڈ کی گئی۔

یاد رہے کہ وفاقی حکومت نے گزشتہ ماہ انٹرنیشنل مارکیٹ میں ساورین یورو بانڈز متعارف کرائے تھے جس پر بیرونی سرمایہ کاروں نے بھاری پیشکشیں کی تھیں جس میں سے 2 ارب ڈالر کی آفرز قبول کر لی گئی تھیں۔ اسٹیٹ بینک کے اعدادوشمار کے مطابق جولائی سے اپریل کے دوران مجموعی غیرملکی سرمایہ کاری 133.3فیصد اضافے سے 2ارب 97کروڑ 90لاکھ ڈالر رہی، گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں مجموعی غیرملکی سرمایہ کاری 1ارب 27کروڑ 70لاکھ ڈالر تھی،اس دوران ایف ڈی آئی 86 کروڑ 23لاکھ ڈالر کے مقابلے میں 75کروڑ 9لاکھ ڈالر رہی، غیرملکی نجی سرمایہ کاری 15فیصد کمی سے 91کروڑ 91لاکھ ڈالر رہی۔

پورٹ فولیو سرمایہ کاری 23.4فیصد کمی سے 16کروڑ 82لاکھ ڈالر رہی، فارن پبلک انویسٹمنٹ 954.6 فیصد اضافے سے 2ارب 5کروڑ 99 لاکھ ڈالر رہی جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں 19کروڑ 53لاکھ ڈالر رہی تھی۔ اعدادوشمار کے مطابق اپریل میںفارن پبلک انویسٹمنٹ1.997ارب،ایف ڈی آئی 8کروڑ 11لاکھ اور فارن پرائیوٹ انویسٹمنٹ 19 کروڑ 89 لاکھ ڈالر رہی۔ اسٹیٹ بینک کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے 10ماہ کے دوران سب سے زیادہ 39کروڑ 40لاکھ ڈالر کی براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری تیل و گیس کی تلاش کے شعبے میں کی گئی ، فنانشل بزنس 13کروڑ، پاور سیکٹر2کروڑ 61لاکھ ، فوڈ 8کروڑ 23لاکھ اورکیمیکلزسیکٹرمیں 8کروڑ 19لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری کی گئی، کمیونیکیشن سیکٹر میں ایف ڈی آئی منفی رہی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں