سلیمان لاشاری قتل کیس سلمان ابڑو کو 4 گواہوں نے اسپتال میں شناخت کرلیا

جج کے حکم پرمجسٹریٹ نے9علامتی مریضوں کو ویل چیئر پر بٹھاکرزیرعلاج قتل کے مرکزی ملزم سلمان ابڑوکی شناخت پریڈ کی


Staff Reporter May 16, 2014
اسی ملزم نے میرے بھائی کوگولیاں ماریں، مقتول کے بھائی ذیشان کابیان،3گواہوں والدہ ارم نازاورنوکروں نے بیان کی تائیدکردی، فاضل جج نے رپورٹ عدالت میں جمع کرادی۔ فوٹو: فائل

سلیمان لاشاری قتل کیس میں پہلی بار اسپتال میں زیر علاج ملزم کی شناخت پریڈ کی گئی ہے، ملزم کو4گواہوں نے شناخت کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جنوبی احمد صبا کے حکم پر جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی ممتاز علی سولنگی نے کلفٹن میں واقع ضیا الدین اسپتال میں زیر علاج سلیمان لاشاری قتل کیس کے مرکزی ملزم سلمان ابڑو کی شناخت پریڈ کی، فاضل جج نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ وہ سرکاری وکیل اور تفتیشی افسر کے ہمراہ اسپتال پہنچے چاروں گواہ انتظارگاہ میں موجود تھے انھوں نے اسپتال کے سپرنٹنڈنٹ کو9 علامتی مریضوں اور ویل چیئرز سیمینار ہال میں فراہم کرنے کی ہدایت کی، انتظامیہ نے6 مریض اور عملے کے 3 کارکنوں کو علامتی مریض بناکر سیمینار ہال میں ویل چیئر پر بٹھایا۔

بعدازاں ملزم سلمان ابڑو کو ویل چیئر پر لایا گیا اور اسے بتایا گیا کہ وہ اپنی مرضی سے جہاں چاہے قطار میں خود کو ایڈجسٹ کرسکتا ہے ملزم نے خود کو اپنی مرضی سے5 ویں نمبر پر ایڈجسٹ کیا،وکیل سرکار نے پہلے گواہ مقتول کے بھائی ذیشان مصطفی لاشاری کو شناخت کیلیے بلایا جس نے ملزم کو شناخت کرتے ہوئے بتایا کہ وقوعے کے روز وہ اپنی والدہ ارم نازکے ہمراہ بالکونی میں موجود تھے ان کا نوکر ریاضت انھیں چائے دے رہا تھا اور ان کا بھائی مقتول سلیمان لاشاری بنگلے کے لان میں امتحان کی تیاری میں مصروف تھا اسی اثنا 6 افراد آئے اور فائرنگ کردی۔

ذیشان لاشاری نے ملزم کی طرف اشارہ کرتے ہوئے بتایا کہ یہی ملزم ہے جس کے ہمراہ ظہیر رند، اور مقبول احمد گھر میں داخل ہوئے گیٹ پر تعینات محافظ غلام بگٹی نے مزاحمت کی جس پر ملزم کے دونوں ساتھیوں نے اسے فائرنگ کرکے زخمی کردیا،اسی ملزم نے لان میں بیٹھے اس کے بھائی کو گولیاں ماریں ایک گولی اس کی گردن اور دوسری ران پر لگی،اپنے دفاع میں محافظ اور میں نے جوابی فائرنگ کی جس سے ان کا ایک ساتھی ہلاک اور یہ ملزم زخمی ہوگیا،بعدازاں وہ مقتول اور زخمی محافظ کو اسپتال لے گئے لیکن اس کا بھائی جاں بحق ہوچکا تھا، اسی طرح ملزم کی ہر گواہ سے شناخت پریڈ کیلیے ترتیب تبدیل کی گئی، گواہ ارم ناز، ریاضت اور رحم الدین نے بھی فرداً فرداً ملزم کو شناخت کیا اور مذکورہ بیان کی تائید کی۔

واضح رہے کہ ملک میں پہلی بار کسی بھی حساس نوعیت کے مقدمے کی شناخت پریڈ اسپتال میں کی گئی ہے، قبل ازیں مقدمے کے تفتیشی افسر نے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جنوبی کو درخواست دی تھی جس میں موقف اختیار کیا تھا کہ سلیمان لاشاری قتل کیس میں گرفتار دیگر ملزمان کی شناخت پریڈ ماتحت عدالت میں کی جاچکی ہے مرکزی ملزم سلمان ابڑو زیر علاج ہے اس کی شناخت پریڈ کرنی ہے درخواست میں جوڈیشل مجسٹریٹ کو شناخت پریڈ کے لیے مقررکرنیکی استدعا کی گئی تھی ،عدالت نے جج کو شناخت پریڈ کے لیے مقرر کیا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں