آئی سی سی نے فائنل ڈرامے سے بڑا سبق سیکھ لیا

2019 کے برعکس ٹائی بریکر کیلیے باؤنڈریز شمارنہیں ہوں گی، کئی سپراوورز ممکن


Sports Desk October 04, 2023
2019 کے برعکس ٹائی بریکر کیلیے باؤنڈریز شمارنہیں ہوں گی، کئی سپراوورز ممکن۔ فوٹو: ایکسپریس ویب

آئی سی سی نے ورلڈ کپ 2019 کے فائنل ڈرامے سے بڑا سبق سیکھ لیا جب کہ اس بار ٹائی بریکر کیلیے باؤنڈریز شمار نہیں ہوں گی۔

انگلینڈ میں 2019 میں کھیلے گئے فائنل کا اختتام انتہائی متنازع انداز میں ہوا تھا جس میں نیوزی لینڈ کیخلاف انگلینڈ کو فاتح قرار دیا گیا، میچ ٹائی ہونے کے بعد سپر اوور بھی برابر رہا جس کی وجہ سے دونوں ٹیموں کی جانب سے جڑی گئی باؤنڈریز کا شمار کیا گیا جس میں انگلش ٹیم آگے تھی، جس کی وجہ سے اسے چیمپئن قرار دیا گیا، اس سے کیوی شائقین کے دل ٹوٹ گئے۔

اس تنازع سے سبق حاصل کرتے ہوئے اس بار آئی سی سی نے واضح کیا کہ صرف ناک آؤٹ ہی نہیں بلکہ تمام میچز میں اگر اسکور برابر رہا تو پھر سپر اوور ہوگا، اگر اس میں بھی اسکور برابر رہا تو پھر ایک اور سپر اوور ہوگا، اس طرح فاتح سائیڈ کا تعین ہونے تک یہ سلسلہ جاری رہ سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ورلڈکپ کی افتتاحی تقریب منسوخ کردی گئی، مگر کیوں!

گزشتہ ورلڈکپ کی طرح اس بار بھی تمام ٹیمیں ابتدائی مرحلے میں 9 میچز کھیلیں گی، فتح پر 2 پوائنٹس اور فیصلہ نہ ہونے پرایک پوائنٹ ملے گا، ٹاپ 4 ٹیمیں سیمی فائنل کھیلیں گی، اگر 2 یا اس سے زائد سائیڈز کے پوائنٹس برابر ہوئے تو پھر بہتر رن ریٹ کی حامل ٹیمیں ہی ناک آؤٹ میچ میں حصہ لے سکیں گی۔ سیمی فائنلز اور فائنل کیلیے ریزرو ڈے بھی مختص کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ورلڈکپ 2023: شاہد آفریدی نے شاداب اور فخر زمان سے امیدیں باندھ لیں

یاد رہے کہ بھارت میں ورلڈکپ کا آغاز جمعرات کو ہو رہا ہے، گزشتہ میگا ایونٹ کی فائنلسٹ ٹیمیں انگلینڈ اور نیوزی لینڈ افتتاحی میچ میں مدمقابل ہوں گی،کیویز چار برس پرانی شکست نہیں بھول سکے اور دل میں انتقام کی خواہش لیے میچ میں حصہ لیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔