پرائز بانڈ چوریریلوے پلیٹ فارم اورواشنگ لائن عملہ شامل تفتیش

کینٹ پولیس نے مقدمے میں شامل تفتیش7پولیس اہلکاروں کو باضابطہ طور پرگرفتارکرلیا

چوری اور دیگر اہلکاروں سے تفتیش کیلیے تحقیقاتی ٹیم لاہوربھیجی جارہی ہے،ڈی ایس پی فوٹو فائل

SIALKOT:
کراچی ایکسپریس سے 3 کروڑ مالیت کے پرائز بانڈ چوری کرنے کے مقدمے میں شامل تفتیش7 پولیس اہلکاروں کو باضابطہ طور پرگرفتار کر لیا گیا۔

ریلوے پولیس نے پلیٹ فارم اور واشنگ لائن کے عملے کو شامل تفتیش کرلیا ہے، تفصیلات کے مطابق10مئی کو لاہور سے بذریعہ ٹرین کراچی لائے جانے والے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے30 کروڑ روپے کے پرائز بانڈز میں سے 3 کروڑ روپے مالیت کے پرائز بانڈ چوری کرلیے گئے تھے جس پر ریلوے پولیس نے پرائز بانڈ کی سیکیورٹی پر مامور لاہور ضلعی پولیس کے7 پو لیس اہلکاروں کو حراست میں لے کر واقعے کا مقدمہ درج کیا تھا،گزشتہ روز کینٹ اسٹیشن پولیس نے پرائز بانڈ چوری کے مقدمے میں شامل تفتیش سب انسپکٹر ظفر عباس، ہیڈکانسٹیبل محمد بوٹا ، کانسٹیبل اظہر عباس، محمد ریاض، نور محمد، محمد اسلم اور انوار الحق کو باضابطہ طور پر گرفتار کرلیا ہے۔


ایس ایس پی ریلوے روبن یامین نے بتایا کہ پرائز بانڈ مذکورہ پولیس افسر اور اہلکاروں کے حوالے کیے گئے تھے ذمے داری انھیں پولیس افسر اور اہلکاروں پر عائد ہوتی ہے،دوران تفتیش مذکورہ پولیس اہلکاروںکو غفلت اور لاپروائی کا مرتکب پانے پر ضابطہ طور پر گرفتار کرلیا گیا ہے، ایس ایچ اوکینٹ کے مطابق گرفتار پولیس افسر اور اہلکار گجر پولیس لائن لاہور میں تعینات تھے، مذکورہ اہلکاروں کو دفعہ409کے تحت گرفتار کیا گیا ہے، ڈی ایس پی نیاز احمد کا کہنا ہے کہ پرائز بانڈز کے تحفظ پر مامور پولیس اہلکاروں کا تعلق لاہور ضلعی پولیس سے ہے۔

چوری کے معاملے اور دیگر اہلکاروں سے تفتیش کیلیے ایک تفتیشی ٹیم جلد لاہور بھیجی جارہی ہے،تفتیش میں تاحال اس بات کا تعین نہیں ہوسکا کہ 3 کروڑ روپے مالیت کے پرائز بانڈز کس مقام پر چوری کیے گئے اور دیگر8 مفرور پولیس اہلکار کون سے مقام پر ٹرین سے اترے ہیں، ذرائع کے مطابق تفتیشی پولیس نے پلیٹ فارم اور واشنگ لائن کے عملے کو بھی شامل تفتیش کیا ہے اور ان سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔
Load Next Story