انصاف ہاؤس کے باہر پولیس اہلکاروں پر نامعلوم افراد کا حملہ وردیاں پھاڑ دیں

حملہ آور پاکستان تحریک انصاف زندہ باد کے نعرے لگا رہے تھے

حملہ آور پاکستان تحریک انصاف زندہ باد کے نعرے لگا رہے تھے

شارع فیصل انصاف ہاؤس کے باہر سیکیورٹی پر تعینات اہلکاروں پر نامعلوم موٹرسائیکل سوار افراد نے حملہ کر دیا۔

حملہ آور ڈنڈوں سے لیس تھے ، حملہ آوروں نے سیکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات دو اہلکاروں سے دست درازی کرتے ہوئے ان پر تشدد کیا اور یونیفارم پھاڑ دی ،

حملہ آوروں نے پولیس موبائل پر پتھراؤ کیا اور فرار ہوتے ہوئے فائرنگ بھی کی ، پولیس نے سرچنگ کے دوران اسلحہ برآمد کر لیا ۔

تفصیلات کے مطابق ٹیپو سلطان تھانے کی حدود شاہراہ فیصل پر واقعے انصاف ہاؤس کے باہر سیکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات پولیس اہلکاروں پر لاٹھی ، ڈنڈوں اور اسلحہ سے لیس موٹرسائیکل سوار افراد نے حملہ کر دیا۔


پولیس کے مطابق حملہ آوروں کی تعداد 20 سے 25 تھی ، مسلح افراد نے 2 پولیس اہلکاروں سے دست درازی کے دوران ان کی وردیاں پھاڑ دیں ، حملہ آوروں نے پولیس اہلکاروں سے اسلحہ چھیننے کی کوشش بھی کی۔

حملہ آوروں نے پیٹرولنگ پر موجود پولیس موبائل پر پتھراؤ بھی کیا حملہ آور پاکستان تحریک انصاف زندہ باد کے نعرے لگا رہے تھے اور چیئرمین عمران خان کی رہائی کا مطالبہ کرتے رہے ۔ پولیس کی مزید نفری کے آتے ہی حملہ آور پتھراؤ اور فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگئے۔

ملزمان کے فرار ہونے کے بعد پولیس نے علاقے کی سرچنگ کرتے ہوئے ایک 30 بور پستول اور 4 راٶنڈ بھی برآمد کر لیے .

ٹیپو سلطان پولیس نے افسران بالا کی ہدایت پر اے ایس آئی شمعون دانیال کی مدعیت میں واقعہ کا مقدمہ الزام نمبر 342/2023 بجرم دفعہ 147 ، 148 ، 149 ، 353 اور 186 کے تحت 20 سے 25 نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کر لیا ، مقدمے میں ہنگامہ آرائی ، توڑ پھوڑ ، کار سرکار میں مداخلت اور پولیس اہلکاروں پر حملے کی دفعات شامل کی گئی ہیں ۔

ایف آئی آر کے متن کے مطابق حملہ آوروں نے اہلکار عادل اور گل فراز پر تشدد کیا لاٹھی ڈنڈوں سے لیس افراد نے ہنگامہ آرائی کی اور پتھراؤ کیا حملہ آور اسلحہ سے بھی لیس تھے جبکہ حملہ آوروں نے انصاف ہاؤس کے سامنے نعرے بازی بھی کی واقعہ کی تحقیقات کی جاری ہے ۔
Load Next Story