جنوری تک 1500 کلومیٹر سڑکیں تعمیر ہونگی قائم علی شاہ
وزارت خزانہ 15ارب سندھ کے 39 محکموں کوجاری کرچکی ہے،اجلاس سے خطاب
وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی زیر صدارت پیر کو وزیراعلیٰ ہائوس میں محکمہ خزانہ، منصوبہ بندی و ترقیات ، ورکس اینڈ سروسز کے اجلاس منعقد ہوئے ۔
اجلاس میں وزیر خزانہ سید مراد علی شاہ ، چیف سیکریٹری سندھ راجا محمد عباس ، ایڈیشنل چیف سیکریٹری (پی این ڈی) ملک اسرار ، وزیراعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکریٹری محمد صدیق میمن ، ایڈیشنل چیف سیکریٹری خزانہ آصف خان و دیگر افسران نے شرکت کی ۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ وزارت خزانہ کی طرف سے 15.2ارب روپے صوبائی حکومت کے 39 محکموں کو جاری کیے گئے ہیں جوکہ سالانہ ترقیاتی بجٹ کا 25 فیصد بنتا ہے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ صحت کے شعبے کی ترقی کے لیے97 اسکیموں پر کام کیا جا رہا ہے ۔
جن میں کراچی میں ٹراما سینٹر کا قیام ، ضلعی ہیڈ کوارٹر اسپتالوں اور بنیادی صحت مراکز کی تعمیر و تزئین وآرائش ، ہیپاٹائٹس کے کنٹرول کے خصوصی پروگرام اور انسداد پولیو کی اسکیمیں شامل ہیں ،کراچی میں جاری مختلف منصوبوں کے لیے رواں مالی سال کے لیے 200 ملین روپے مختص کیے گئے ہیں ۔
محکمہ آرکائیوز کے مننصوبوں کے لیے 94 ملین روپے مختص کیے گئے تھے ، جن میں سے گزشتہ سال 20 ملین روپے خرچ کیے گئے جبکہ رواں سال 20 ملین روپے مختص کئے گئے ہیں ، صوبے بھرمیں جاری ترقیاتی اسکیموں کے لیے 923 ملین روپے مختص کیے گئے ہیں جبکہ چیف منسٹر انسپکشن ٹیم کو کام کے معیار کو یقینی بنانے اورفنڈز کا بہتر طریقے سے استعمال اور ترقیاتی کاموں کی نگرانی کی ذمے داری سونپی گئی ہے۔
تاکہ بہتر نتائج حاصل کئے جا سکیں ۔ اجلاس میں مزید بتایا گیا کہ کئی ترقیاتی منصوبے زیر عمل ہیں جبکہ حیدرآباد پیکیج کے تحت ایک ارب ، لاڑکانہ پیکیج کے لیے 2ارب روپے ، لیاری اور میرپورخاص پیکیج کے تحت بھی فنڈز مختص کیے گئے ہیں ۔ وزیراعلیٰ نے ترقیاتی مد میں رکھے گئے فنڈز کو بہتر اور مؤثر طریقے سے استعمال کرنے اور تمام تر منصوبوں کو مقررہ وقت کے اندر مکمل کرنے کے احکامات جاری کیے۔
ورکس اینڈ سروسز کے منعقدہ اجلاس میں قائم علی شاہ نے صوبے میں مواصلاتی نظام کا جال بچھانے کیلیے زور دیا انھوں نے کہا کہ رواں سال ہر رکن صوبائی اسمبلی کیلیے 8کروڑ روپے ترقیاتی منصوبوں کی مد میں مختص کیے گئے ہیں ۔ جنوری 2013 ء کے اختتام تک صوبہ بھر میں 1500 کلو میٹر سڑکیں تعمیر کی جائیں گی جس کے لیے مطلوبہ رقم فوری طور پر جاری کی جائیں گی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے جاری ترقیاتی اسکیموں کو مقررہ مدت میں پایہ تکمیل تک پہنچانے اور کام کے معیار کو بہتر کرنے پر زور دیا ۔ سیکریٹری ورکس اینڈ سروسز قاضی شاہد پرویز نے اجلاس کو اقدامات سے آگاہ کیا۔ دریں اثناء وزیراعلیٰ نے ڈاکٹر قادربخش میمن کے انتقال پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا ہے۔