حوالہ ہنڈی کے خلاف کریک ڈاؤن میں 557 ملزمان گرفتار 3 ارب سے زائد کی کرنسی برآمد

رواں سال کے دوران حوالہ ہنڈی اور کرنسی کی غیر قانونی ایکسچینج میں ملوث عناصر کے خلاف 390 چھاپہ مارے گئے

(فوٹو فائل)

وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج و اسمگلنگ کیخلاف کریک ڈاؤن میں اب تک 390 چھاپے مار کر 3 ارب 86 کروڑ روپے مالیت کی ملکی و غیر ملکی کرنسی برآمد کرلی۔

ایف آئی اے ہیڈ کوارٹر میں ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے محسن حسن بٹ کی سربراہی میں اجلاس منعقد ہوا، جس میں ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرلز، زونل ڈائریکٹرز اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔

ڈائریکٹر جنرل محسن حسن بٹ کو ہنڈی حوالہ اور کرنسی کی اسمگلنگ کے حوالے سے جاری کریک ڈاون پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث عناصر کے خلاف ملک گیر کریک ڈاون جاری ہے۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ 'رواں سال کے دوران حوالہ ہنڈی اور کرنسی کی غیر قانونی ایکسچینج میں ملوث عناصر کے خلاف 390 چھاپہ مارے گئے اور382 مقدمات درج کر کے 557 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، جبکہ51 انکوئریوں کی تفتیش بھی مکمل کی گئی'۔


بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ رواں سال کے دوران کے پی زون نے 250، لاہور زون نے 68، گجرانوالہ زون نے 24، فیصل آباد زون نے 48، ملتان زون نے 43 ملزمان کو گرفتار کیا، اسی طرح اسلام آباد زون نے 20، کراچی زون نے 64، حیدرآباد زون نے 23 اور بلوچستان زون نے 17 ملزمان کو گرفتار کیا۔

گرفتار ملزمان بغیر لائسنس کرنسی کی ایکسچینج میں ملوث تھے جبکہ رواں سال چھاپوں کے دوران مجموعی طور پر 3 ارب 86 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی ملکی و غیر ملکی کرنسی برآمد کی گئی برآمد کی گئی۔ کرنسی میں 650334 امریکی ڈالر، 30 کروڑ 90 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی دیگر غیر ملکی کرنسی شامل ہے۔

اسی طرح برآمد کی گئی کرنسی میں 3 ارب 35 کروڑ سے زائد پاکستانی روپے بھی شامل ہیں۔ ملک گیر چھاپوں کے دوران 28 سے زائد پلازوں/مارکیٹوں/ دکانوں کو بھی سیل کیا گیا جبکہ ایف آئی اے کو ملزمان کی گرفتاری کے لئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی معاونت بھی حاصل رہی۔

ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے محسن بٹ کا کہنا تھا کہ ہنڈی حوالہ میں ملوث عناصر کے خلاف چھاپہ مار کارروائیاں مزید تیز کی جائیں، زیر تفتیش مقدمات کو جلد از جلد مکمل کیا جائے، اورغیر ملکی کرنسی کی اسمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف ٹھوس شواہد کی روشنی میں قرار واقعی سزائیں دلوائی جائیں۔

انہوں نے ہدیت کی کہ ملزمان کی گرفتاری کے لئے تمام تر وسائل کو بروئے کار لایا جائے۔ ڈی جی ایف آئی اے کا مزید کہنا تھا کہ افسران کی استعداد کار بڑھانے کے حوالے سے بھی خصوصی اقدامات کیے جارہے ہیں۔
Load Next Story