تاریخ کے اوراق پر ایک نظر

ابتدائی ایڈیشن 1975 میں 8 ٹیموں نے شرکت کی


Abdul Aziz October 05, 2023
فوٹو : فائل

آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ کے ابھی تک 12 ایڈیشنز منعقد ہوچکے، ابتدائی تینوں ایونٹس کی میزبانی انگلینڈ نے کی، ابتدائی ایڈیشن 1975 میں 8 ٹیموں نے شرکت کی، اس زمانے میں 6 ٹیسٹ ملک آسٹریلیا، انگلینڈ، بھارت، نیوزی لینڈ، پاکستان اور ویسٹ انڈیز شامل تھے۔

ان کے علاوہ سری لنکا اور ایسٹ افریقا کو شامل کیا گیا، فائنل میں ویسٹ انڈیز نے آسٹریلیا کو 17 رنز سے مات دی، روئے فریڈرکس نے ہیٹ ٹرک کی، 1979 میں نان ٹیسٹ پلیئنگ ملکوں کو بھی جگہ دی گئی، سری لنکا اور کینیڈا نے کوالیفائی کیا۔

ویسٹ انڈیز نے انگلینڈ کو 92 رنز سے شکست دیکر اعزاز کا دفاع کیا۔ 1983 کے فائنل میں ویسٹ انڈیز کو فائنل میں کپیل دیو کی زیرقیادت بھارتی ٹیم نے 43 رنز سے ہرادیا، 1987 میں پاکستان اور بھارت نے مشترکہ میزبانی کی، آسٹریلیا نے انگلینڈ کو فائنل میں 7 رنز سے شکست دیکر پہلی بار ورلڈ ٹرافی قبضے میں کی، سیمی فائنل میں پاکستان کو آسٹریلیا سے لاہور میں شکست کا سامنا رہا، وسیم جعفر کے اوور میں 18 رنز ابھی تک لوگوں کے ذہنوں میں تازہ ہیں۔

1992 ورلڈ کپ کی میزبانی آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ نے مشترکہ طور پر کی، کلر کٹس اور ڈے نائٹ میچز سے ایونٹ میں رنگ بھرے گئے، پاکستان نے مایوس کن آغاز کے باوجود چیمپیئن بن کر سب کے اندازوں کو غلط ثابت کر دکھایا، پاکستان نے فائنل میں انگلینڈ کو 22 رنز سے قابو کیا۔ 1996 پاکستان، بھارت اور سری لنکا میزبان تھے۔ سیمی فائنل میں سری لنکا نے بھارت کو ایڈن گارڈنز پر 8 وکٹ سے مات دی، لاہور میں منعقدہ فائنل میں آئی لینڈرز نے رانا ٹنگا کی زیر قیادت آسٹریلیا کو بھی 7 وکٹ سے مات دیکر ٹرافی نام کرلی، 1999 میں آسٹریلیا نے پاکستان کو یکطرفہ فائنل میں 8 وکٹ سے شکست دی، گرین شرٹس 132 تک محدود رہ گئے اور کینگروز نے ہدف 20 اوورز سے قبل حاصل کرلیا۔

ایڈیشن 2003 کی میزبانی جنوبی افریقہ، زمبابوے اور کینیا نے مشترکہ میزبانی کی، فائنل میں آسٹریلیا نے 2 وکٹوں پر 359 رنز جوڑے، بھارت کو 125 رنز سے ناکامی کا سامنا رہا، 2007 میں ویسٹ انڈیز میزبان بنا، آئرلینڈ نے گروپ مرحلے میں پاکستان کو اَپ سیٹ کرکے باہر کر دیا، پاکستانی کوچ باب وولمر ہوٹل کمرے میں مردہ پائے گئے، آسٹریلیا نے فائنل میں سری لنکا کو 53 رنز سے ہراکر ٹائٹل فتوحات کی ہیٹ ٹرک مکمل کی۔

ورلڈ کپ 2011 بھارت، سری لنکا اور بنگلہ دیش نے مشترکہ طور پر منعقد کیا، بھارت نے ممبئی کے وانکھیڈے اسٹیڈیم پر سری لنکا کو 6 وکٹ سے شکست دیکر دوسری بار ٹرافی نام کی۔ ورلڈ کپ 2015کی میزبانی ایک بار پھر آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کو ملی، آسٹریلیا نے فیصلہ کن معرکے میں نیوزی لینڈ کو 7 وکٹ سے شکست دیکر پانچویں بار ٹرافی قبضے میں کی۔

ورلڈ کپ 2019 کے سیمی فائنل میں بھارت کا قصہ تمام کیا، انگلینڈ نے دفاعی چیمپیئن آسٹریلیا کو زیر کیا، فائنل میں اسکور 241 ٹائی ہوگیا، فیصلہ سپر اوور میں گیا جہاں پر اسکور ایک بار پر 15 ٹائی ہوجانے پر انگلینڈ کو زیادہ باؤنڈریز لگانے پر فاتح قرار دیا گیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں