پنجاب پولیس کو مطلوب خطرناک اشتہاری سعودی عرب اور امارات سے گرفتار

انٹرپول کے ذریعے گرفتار کیے گئے چاروں ملزمان وارداتوں کا ارتکاب کرنے کے بعد بیرون ملک فرار ہو گئے تھے

پنجاب پولیس نے انٹرپول کی مدد سے ملزمان کے ریڈنوٹسز جاری کروائے تھے

پنجاب پولیس کو مطلوب 4 خطرناک اشتہاریوں کو سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات سے انٹرپول کے ذریعے گرفتار کرلیا گیا۔

ترجمان کے مطابق پنجاب پولیس کا خطرناک اشتہاریوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔ا س سلسلے میں سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات سے مزید 4 اشتہاری گرفتار کرلیے گئے ہیں، جس کے بعد رواں برس بیرون ملک سے گرفتار ہونے والے اشتہاری مجرموں کی مجموعی تعداد 122 ہو گئی ہے۔


حالیہ کارروائی میں قتل کے مقدمے میں مطلوب اشتہاریوں میں امانت علی کو سعودی عرب،مسعود حسین کو متحدہ عرب امارات سے گرفتار کیا گیا۔ ڈکیتی کے کیس میں مطلوب اشتہاری محمد سلیم، محمد عمر شہزاد بھی متحدہ عرب امارات سے گرفتار کیے گئے ہیں۔ چاروں ملزمان وارداتوں کے بعد بیرون ملک فرار ہو گئے تھے۔

پنجاب پولیس نے انٹرپول کی مدد سے ملزمان کے ریڈ نوٹسز جاری کروائے اور گرفتاریوں کے لیے مسلسل فالو اپ جاری رکھا۔ چاروں اشتہاریوں کو گرفتاری کے بعد پاکستان پہنچا دیا گیا ہے اور مزید کارروائی کےلیے متعلقہ اضلاع کی پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
Load Next Story