بھارتی ریاستی دہشت گردی میں مزید 2 کشمیری نوجوان شہید

شہید ہونے والے نوجوانوں کی شناخت امین بٹ اور ثاقب احمد کے نام سے ہوئی

نوجوان کو کلگام میں نام نہاد سرچ آپریشن کی آڑ میں شہید کیا گیا :فوٹو:فائل

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی جارحیت میں مزید 2 کشمیری نوجوان شہید ہوگئے۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جنت نظیر وادی کے ضلع کلگام میں قابض بھارتی فوج نے سرچ آپریشن کے دوران چادر و چار دیواری کے تقدس کو پامال کیا اور خواتین کے ساتھ بدتمیزی کی۔

قابض بھارتی فوج نے علاقے کے داخلی اور خارجی راستوں کو بند کرکے سرچ آپریشن کیا جس کے دوران ایک گھر پر اندھا دھند فائرنگ کردی۔ فائرنگ کے نتیجے میں 2 نوجوان شہید ہوگئے۔


شہید ہونے والے نوجوانوں کی شناخت امین بٹ اور ثاقب احمد کے نام سے ہوئی ہے۔ دونوں طالب علم تھے اور اپنے اپنے گاؤں سے آکر یونی ورسٹی کے قریب ایک گھر میں کرائے پر رہ رہے تھے۔

نوجوانوں کی شہادت پر علاقہ مکینوں نے بھارتی فوج کے خلاف شدید احتجاج کیا اور جدوجہد آزادیٔ کشمیر کے حق میں نعرے بازی کی جس پر کشمیری پولیس نے مظاہرین پر لاٹھی چارج کیا اور آنسو گیس کی شیلنگ کی۔

واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج نے 13 کشمیری نوجوانوں کو شہید کیا جب کہ درجن سے کو گرفتار کیا گیا جنھیں اب تک کسی عدالت میں پیش نہیں کیا گیا۔

 
Load Next Story