ورلڈکپ افتتاحی میچ میں کیویز نے انگلینڈ کی بساط لپیٹ دی

نیوزی لینڈ نے انگلش ٹیم کو 9 وکٹوں سے شکست دے دی


ویب ڈیسک October 05, 2023
کیوی ٹیم نے 283 رنز کا ہدف ایک وکٹ کے نقصان پر 37 ویں اوور میں بنالیا۔ فوٹو: گیٹی امیجز

آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے افتتاحی میچ میں نیوزی لینڈ نے انگلینڈ کو 9 وکٹوں سے شکست دے دی۔

احمد آباد کے نریندر مودی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں کیوی ٹیم نے 283 رنز کا ہدف ایک وکٹ کے نقصان پر 37 ویں اوور میں بنالیا۔

نیوزی لینڈ کے صرف دو کھلاڑیوں نے ہی پورا ہدف مکمل کرلیا۔ ڈیون کانوائے نے 152 اور رچن رویندرا نے 123 رنز بنائے۔ نیوزی لینڈ کے دوسرے نمبر کے اوپنر ول ینگ صفر پر پویلین لوٹ گئے تھے جن کی وکٹ سیم کرن نے حاصل کی۔

انگلینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 282 رنز اسکور کیے تھے۔

انگلش ٹیم کے اوپنرز نے 40 رنز کا آغاز فراہم کیا تاہم ڈیوڈ ملان 14 کے انفرادی اسکور پر وکٹ گنوا بیٹھے، جونی بیرسٹو 33، ہیری بروک 25 جبکہ معین علی 11، کپتان جوز بٹلر 43، لیام لیونگسٹن 20، کرس ووکس اور سیم کرن 11، 11 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔

انگلش بیٹر جو روٹ نے مزاحمتی اننگز کھیلتے ہوئے 86 گیندوں پر 4 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 77 رنز بنائے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے میٹ ہنری نے 3، مچل سینٹنر اور گلین فلپس نے 2، 2 جبکہ ٹرینٹ بولٹ اور راچن رویندرا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

قبل ازیں نیوزی لینڈ کے کپتان ٹام لیتھم نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا، انہوں نے کہا کوشش ہوگی ایونٹ کا آغاز میچ میں جیت کے ساتھ کریں۔

انہوں نے کہا کہ کین ولیمسن صحتیاب ہورہے ہیں، اگلے میچز میں پلئینگ الیون کا حصہ ہوں گے۔

اس موقع پر انگلش ٹیم کے کپتان جوز بٹلر نے کہا کہ ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا ہی فیصلہ کرتے تاہم کوشش ہوگی کیویز کے خلاف بڑا ٹارگٹ سیٹ کریں۔

نیوزی لینڈ کا اسکواڈ

کپتان ٹام لیتھم، ڈیون کونوے، ول ینگ، راچن رویندرا، ڈیرل مچل، گلین فلپس، مارک چیپ مین، جیمی نیشم، مچل سینٹنر، میٹ ہنری اور ٹرینٹ بولٹ شامل ہیں۔

انگلینڈ کا اسکواڈ

کپتان جوز بٹلر، جونی بیرسٹو، ڈیوڈ ملان، جو روٹ، ہیری بروک، لیام لیونگسٹون، معین علی، سیم کرن، کرس ووکس، عادل رشید اور مارک ووڈ

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں