الیکشن کمیشن  کا سندھ میں سابق وزرا سے سکیورٹی اور مراعات واپس لینے کا حکم

سابق وزرا اور سیاسی طور پر تعینات شخصیات سے پروٹوکول اور مراعات واپس لیکر 3 روز میں رپورٹ دی جائے، مراسلہ

(فوٹو: فائل)

الیکشن کمیشن نے سندھ میں سابق وزرا سے سکیورٹی اور مراعات واپس لینے کاحکم دیا ہے۔

چیف سیکرٹری اور آئی جی سندھ کو الیکشن کمیشن کی جانب سے لکھے گئے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ سابق وفاقی و صوبائی وزرا سے سکیورٹی اور مراعات واپس لی جائیں۔ الیکشن کمیشن نے چیف سیکرٹری و آئی جی سندھ سے 3 روز میں اس حوالے سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔


الیکشن کمیشن نے سندھ کابینہ کے سابق ارکان کی جانب سے تاحال پروٹوکول لینے کے معاملے پر نوٹس لے لیا۔ اس سلسلے میں سیکرٹری الیکشن کمیشن نے مراسلے میں مزید لکھا کہ سابق وزرا اور سیاسی بنیادوں پر تعینات کی گئی شخصیات سے سکیورٹی پروٹوکول واپس لیا جائے۔ سندھ کابینہ کے سابق ارکان تاحال سکیورٹی اور دیگر مراعات کا استعمال کر رہے ہیں۔

الیکشن کمیشن کے مطابق کابینہ کے سابق ارکان کا مراعات لینا الیکشن کمیشن کی گائیڈ لائنز کی خلاف ورزی ہے۔سندھ کابینہ کے سابق ارکان سے سرکاری رہائش گاہیں اور مراعات فوری واپس لی جائیں۔ سابق وزیر اعلیٰ، سابق صوبائی وزرا اور دیگر کابینہ ارکان سے مراعات واپس لی جائیں اور الیکشن کمیشن کو 3 روز میں آگاہ کیا جائے۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے کابینہ کے سابق ارکان سے سکیورٹی اور مراعات واپس لینے کے لیے 15 اگست کو بھی مراسلہ لکھا تھا۔
Load Next Story