سعودیہ سے ممکنہ سیکیورٹی معاہدے پر امریکی سینٹرز صدر جوبائیڈن سے نالاں

سعودیہ کے ساتھ جوہری تعاون اور سلامتی کی ضمانت دینے پر تشویش ہے، امریکی سینیٹرز


ویب ڈیسک October 05, 2023
امریکا سعودی عرب اور اسرائیل کے درمیان تعلقات کی بحالی میں ثالثی کا کردار ادا کر رہا ہے، فوٹو: فائل

سعودی عرب سے سیکیورٹی معاہدے اور اسرائیل کے ساتھ تعلقات کی بحالی میں اہم کردار ادا کرنے پر حکمراں جماعت کے بعض سینیٹرز اپنے ہی صدر سے ناراض ہوگئے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ڈیموکریٹس کے 20 سینیٹرز نے صدر جوبائیڈن کو شکایت بھرا خط لکھ دیا اور ان کی خارجہ پالیسیوں کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

سینیٹرز نے اپنے خط میں سعودیہ سیکیورٹی معاہدے کی مخالفت کرتے ہوئے اپنے تحفظات کا کھل کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ سعودیہ کے ساتھ جوہری تعاون اور سلامتی کی ضمانت دینے پر تشویش ہے۔

حکمراں جماعت کے سینیٹرز نے تنبیہ کی کہ اگر جو بائیڈن انتظامیہ سعودی عرب کے مطالبات پورا کرتی ہے تو وائٹ ہاؤس کو کانگریس کی جانب سے سخت مزاحمت کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔

سینیٹرز نے تجویز دی کہ سعودی عرب کے فلسطین کے دو ریاستی حل کو ماننے کی صورت میں جواباً امریکی مفادات کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے معاہدے میں بامعنی شقیں شامل کریں۔

صدرجوبائیڈن یا وائٹ ہاؤس انتظامیہ کی جانب سے اس پر کسی قسم کا تبصرہ سامنے نہیں آیا۔

یاد رہے کہ سعودی عرب میں ایٹمی بجلی گھر سمیت اہم پلانٹ کی تیاری کے لیے امریکا نے تعاون کی پیشکش کی ہے تاہم ابھی معاہدہ طے نہیں پایا ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں