ایشین گیمز افغانستان نے پاکستان کو شکست دیکر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا

قومی ٹیم کانسی کے تمغے کیلئے بنگلادیش سے مقابلہ کرے گی


October 06, 2023
قومی ٹیم کانسی کے تمغے کیلئے بنگلادیش سے مقابلہ کرے گی (فوٹو: کرک انفو)

ایشین گیمزکے کرکٹ مقابلوں میں افغانستان نے پاکستان کو 4 وکٹوں سے ہراکر فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کرلیا، جہاں اس کا مقابلہ ہفتے کے روز بھارت سے ہوگا۔

افغانستان کی پاکستان کے خلاف 8 ٹی20 انٹرنیشنل میچوں میں یہ چوتھی کامیابی ہے جبکہ پاکستان نے بھی اتنے میچز میں کامیابی حاصل کی ہے۔

قبل ازیں بھارت نے پہلے سیمی فائنل میں بنگلادیش کو 9 وکٹوں سے ہرایا تھا، قومی ٹیم کانسی کے تمغے کیلئے بنگلادیش سے مقابلہ کرے گی۔

دوسرے سیمی فائنل میں افغانستان نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ دی تاہم قومی ٹیم مقررہ 20 اوورز بھی کھیلنے میں ناکام رہی اور 18 اوورز میں 115 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ افغانستان نے17.5 اوورز میں چھ وکٹوں پر مطلوبہ اسکور پورا کرلیا۔

پاکستان کی اننگز میں عمیر یوسف دو چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 24 رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہے۔عامر جمال نے ایک چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے 14، عرفات منہاس نے ایک چوکے کی مدد سے 13 اور روحیل نذیر نے ایک چھکے کی مدد سے 10 رنز بنائے۔

افغانستان کی طرف سے لیفٹ آرم فاسٹ بولر فرید احمد نے 15رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔

افغانستان کا آغاز بھی مایوس کن رہا اور 35 رنز پر اس کی تین وکٹیں گرچکی تھیں تاہم نور علی زدران اور افسر ززئی کی 36 رنز کی قیمتی شراکت نے اس کی پوزیشن بہتر کردی نور علی زدران نے چار چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 39 رنز اسکور کیے۔ جس کے بعد کپتان گلبدین نائب کی جارحانہ بیٹنگ نے افغانستان کو جیت سے ہمکنار کردیا۔

گلبدین نائب نے تین چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 26 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے، پاکستان کی جانب سے عثمان قادر اور عرفات منہاس نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں