کلفٹن میں بنگلے سے انسانی ڈھانچہ کورنگی ندی کے قریب معمر خاتون کی بوری بند لاش برآمد

فوری طور پر تعین نہیں ہو سکا کہ ڈھانچہ مرد کا ہے یا عورت کا، میڈیکل رپورٹ کے بعد پتا چلے گا، پولیس


Staff Reporter October 07, 2023
(فوٹو: فائل)

کلفٹن کے علاقے میں ایک بنگلے سے انسانی ڈھانچہ برآمد ہوا ہے جب کہ کورنگی ندی کے قریب سے معمر خاتون کی بوری بند لاش ملی ہے۔

زمزمہ میں واقع بنگلے سے انسانی ڈھانچہ برآمد ہونے پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر ضابطے کی کارروائی کے لیے جناح اسپتال منتقل کر دیا۔

ترجمان ساؤتھ پولیس کے مطابق ملنے والے انسانی ڈھانچے کے حوالے سے فوری طور پر اس بات کا تعین نہیں ہو سکا کہ یہ مرد کا ڈھانچہ ہے یا کسی عورت کا تاہم ڈاکٹروں کے معائنے اور میڈیکل رپورٹ آنے کے بعد ہی اس کا تعین ہو سکے گا ۔

مذکورہ بنگلہ احمد اسلم نامی شخص کی ملکیت ہے جو پراپرٹی کی خرید و فروخت کا کام کرتا ہے۔ بنگلہ گزشتہ 7 ماہ سے بند ہے، تاہم پولیس اس حوالے سے مزید تحقیقات کر رہی ہے ۔

دوسری جانب کورنگی کراسنگ بھٹائی کالونی ندی کے قریب بند سے معمرخاتون کی بوری میں بند تشدد زدہ لاش برآمد ہوئی ہے۔

زمان ٹاؤن تھانے کے علاقے کورنگی کراسنگ بھٹائی کالونی ندی کے قریب بند سے خاتون کی بوری میں بند تشدد زدہ لاش ملی ہے۔ اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی اور خاتون کی لاش کو تحویل میں لینے کے بعد قانونی کارروائی کےلیے جناح اسپتال منتقل کردیا۔

ایس ایچ او زمان ٹاؤن کے مطابق مقتولہ خاتون کی عمر 60 سے 65 سال کے درمیان تھی، جس کے سر پر چوٹ لگی ہوئی ہے ۔ پولیس نے شبہہ ظاہر کیا ہے کہ خاتون کو قتل کہیں اور کیا گیا اور لاش زمان ٹاؤن تھانے کی حدود میں لاکر پھینکی گئی۔ فوری طور پر خاتون کی لاش کی شناخت ممکن نہیں ہوسکی ۔

لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، جس کے بعد پوسٹ مارٹم رپورٹ میں حتمی وجہ موت کا تعین ہوسکے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں