حماس کا اسرائیل پر حملہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس آج ہوگا
برازیل کی حکومت نے حماس کے حملوں کی مذمت کی اور اسرائیل کے لوگوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا
برازیل کی حکومت نے کہا ہے کہ وہ اسرائیل پر حماس کے حملے کے بعد اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس آج بلائے گا۔
عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق برازیل کی حکومت، جس نے رواں ماہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی صدارت سنبھالی ہے، نے جاری کردہ بیان میں حملوں کی مذمت کی اور اسرائیل کے لوگوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔
تاہم برازیل کی وزارت خارجہ نے "دو ریاستی حل" کے عزم کی بھی توثیق کی۔ وزارت نے مزید کہا کہ ہم اس بات کا اعادہ کرتے ہیں کہ تشدد کا سہارا لینے کا کوئی جواز نہیں، خاص طور پر عام شہریوں کے خلاف۔ برازیل دونوں فریقین پر زور دیتا ہے کہ وہ صورتحال کو مزید بڑھنے سے روکنے کے لیے زیادہ سے زیادہ تحمل کا مظاہرہ کریں۔
برازیل کا مزید کہنا تھا کہ اسرائیل-فلسطینی مسئلے کو حل کرنے کے لیے تنازع ایک قابل عمل متبادل نہیں ہے اور امن مذاکرات کی بحالی فوری ضرورت ہے۔
واضح رہے کہ فلسطینی اسلامی گروپ حماس نے اسرائیل پر برسوں میں سب سے بڑا حملہ کیا ہے جس میں کم از کم 250 اسرائیلی ہلاک اور سیکڑوں زخمی ہوئے۔ اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو نے جوابی کارروائی کا عزم کرتے ہوئے جنگ کا اعلان کیا ہے۔