کرکٹرز کیلیے سالانہ بجٹ میں 75 کروڑ روپے مختص

22 کروڑ روپے صرف بابر، رضوان اور شاہین کے اکاؤنٹ میں جائیں گے


Saleem Khaliq October 08, 2023
چاروں کیٹیگریز کو ماہانہ بالترتیب 60، 41، 17 اور 11 لاکھ سے زائد رقم ملے گی ۔ فوٹو: آئی سی سی

پی سی بی نے سینٹرل کنٹریکٹ یافتہ کرکٹرز کیلیے سالانہ بجٹ میں تقریباً 75 کروڑ روپے مختص کر دیے۔

پی سی بی نے سالانہ بجٹ میں سینٹرل کنٹریکٹ کی مدد میں کرکٹرز کیلیے528 ملین روپے مختص کیے ہیں، اس میں آئی سی سی کی آمدنی کا 3 فیصد حصہ 220.3 ملین اضافی بھی شامل کر لیا گیا، مجموعی طور پر یہ رقم 74 کروڑ 83لاکھ (748.3 ملین) روپے بنتی ہے،گذشتہ دنوں مینجمنٹ کمیٹی کی میٹنگ میں اس کی منظوری لی گئی۔

اے کیٹیگری میں موجود بابراعظم، محمد رضوان اور شاہین شاہ آفریدی کو ماہانہ 60 لاکھ 30 ہزار روپے دیے جائینگے، یہ تینوں سالانہ7 کروڑ23 لاکھ60 ہزار روپے وصول کریں گے، انھیں مجموعی طور پر21 کروڑ 70 لاکھ80 ہزار روپے ملنے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: سینٹرل کنٹریکٹس کا اعلان: بابر، رضوان اور شاہین کیلئے خزانوں کے منہ کھل گئے

بی کیٹیگری کے فخرزمان، حارث رؤف، امام الحق، محمد نواز، نسیم شاہ اورشاداب خان کو ماہانہ 41 لاکھ 47 ہزار 500 روپے دیے جائیں گے، مجموعی رقم 29 کروڑ86 لاکھ 20 ہزار بنتی ہے،6 کھلاڑی سالانہ فی کس 4 کروڑ 97 لاکھ70 ہزار وصول کریں گے۔

سی کیٹیگری کے عماد وسیم اور عبداللہ شفیق کو ماہانہ 17 لاکھ65 ہزار روپے دیے جائیں گے،مجموعی رقم 4 کروڑ23 لاکھ60 ہزار میں سے یہ دونوں سالانہ2 کروڑ 11 لاکھ80 ہزار روپے پائیں گے۔

ڈی کیٹیگری کے 14 کرکٹرز فہیم اشرف، حسن علی،افتخار احمد، احسان اللہ، محمد حارث، محمد وسیم جونیئر، صائم ایوب، سلمان علی آغا، سرفراز احمد، سعود شکیل، شاہنواز دھانی، شان مسعود، اسامہ میر اور زمان خان کوماہانہ 11 لاکھ 32 ہزار500 روپے دیے جائیں گے، مجموعی رقم 15 کروڑ85لاکھ5 ہزار میں سے یہ تمام سالانہ ایک کروڑ 35 لاکھ 90 ہزار روپے پائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: سینٹرل کنٹریکٹ کی فہرست میں ردوبدل کا امکان

آئی سی سی کا شیئر شامل کرنے سے قبل چاروں کیٹیگری کے کرکٹرز کی ماہانہ تنخواہ بالترتیب 45 لاکھ،30 لاکھ،10 لاکھ اورساڑھے 7 لاکھ بنتی تھی، میچ فیس، الاؤنسز اور بونسز وغیرہ الگ ہیں، اس میں سے ٹیکس کی رقم بھی منہا ہو گی۔

یاد رہے کہ پی سی بی نے نئے سینٹرل کنٹریکٹ میں کرکٹرز کو پہلی مرتبہ آئی سی سی کی آمدنی سے حصہ دینے پر اتفاق کیا ہے،اے کیٹیگری کے معاوضے 202، بی144، سی 135 جبکہ ڈی کیٹیگری کے 127فیصد بڑھا دیے گئے، ٹیسٹ کی میچ فیس میں 50، ون ڈے 25 اور ٹی ٹوئنٹی میں 12.5 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں