میزبان بھارت نے کینگروز کیخلاف ورلڈکپ میں پہلی فتح سمیٹ لی
آسٹریلیا کو 6 وکٹوں سے شکست
آئی سی سی ورلڈکپ کے پانچویں میچ میں بھارت نے آسٹریلیا کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔
چنئی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا نے بھارت کو جیت کیلئے 200 رنز کا ہدف دیا تھا جو بھارتی ٹیم نے 41.2 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر بنالیا۔
ویرات کوہلی 85 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ کے ایل راہول 97 اور ہارڈیک پانڈیا 11 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔ آسٹریلیا کی طرف سے جوش ہیزل ووڈ نے 3 اورمچل اسٹارک نے ایک وکٹ حاصل کی۔
ہدف کے تعاقب میں بھارتی اننگز کا آغاز انتہائی خراب ہوا۔ بھارت کی تین وکٹیں صرف دو رنز کے مجموعی اسکور پر گر گئی تھیں۔ دونوں اوپنرز روہت شرما، ایشان کشان صفر پر پویلین لوٹ گئے جبکہ شریاس ائیر بھی کھاتہ کھولے بغیر ہی آؤٹ ہوگئے۔
مزید پڑھیں: بھارتی کرکٹ ٹیم نے اپنی تاریخ کا نیا ریکارڈ بنالیا
آٹھویں اوور میں 20 رنز کے مجموعی اسکور پر ویرات کوہلی کا 12 رنز پر مچل مارش نے آسان کیچ ڈراپ کردیا تھا جس کا انہوں نے خوب فائدہ اٹھایا۔
ویرات کوہلی اور کے ایل راہول نے 165 رنز کی شراکت قائم کرکے ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔
قبل ازیں آسٹریلوی ٹیم 49.3 اوورز میں 199 رنز بناکر آل آؤٹ ہوگئی، اوپنر ٹیم کو اچھا آغاز دینے میں ناکام رہے، اوپنر مچل مارش بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے جبکہ ڈیوڈ وارنر نے 41 رنز بنائے۔
مزید پڑھیں: ورلڈکپ: ڈیوڈ وارنر نے سچن ٹنڈولکر کا ریکارڈ توڑ دیا
دیگر کھلاڑیوں میں اسٹیو اسمتھ 46، مارنوس لیبوشین 27، گلین میکسویل 15، کیمرون گرین 8، کپتان پیٹ کمنز 15، ایڈم زمپا 6 جبکہ ایلکس کیری صفر پر آؤٹ ہوئے۔ میچ کے اختتامی اوورز میں مچل اسٹارک نے 28 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیلی۔
بھارت کی جانب سے روندرا جڈیجا نے 3، کلدیپ یادیو، جسپریت بمراہ نے 2، 2 جبکہ ایشون، محمد سراج اور پانڈیا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
قبل ازیں آسٹریلیا کے کپتان پیٹ کمنز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا، انہوں نے کہا کہ کوشش ہوگی میچ کامیابی سمیٹ کر ٹورنامنٹ کا آغاز فتح کے ساتھ کریں۔
اس موقع پر بھارتی کپتان روہت شرما نے کہا کہ آسٹریلیا کے خلاف جیت سے ٹورنامنٹ کا آغاز کرنا چاہتے ہیں، شبمن گِل بخار کی وجہ سے مکمل فٹ نہیں انکی کی جگہ ایشان کشن کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
آسٹریلیا کا اسکواڈ
کپتان پیٹ کمنز، ڈیوڈ وارنر، مچل مارش، اسٹیو اسمتھ، مارنوس لیبوشین، گلین میکسویل، ایلکس کیری، کیمرون گرین، مچل اسٹارک، ایڈم زمپا اور جوش ہیزل ووڈ
بھارت کا اسکواڈ
کپتان روہت شرما، ایشان کشن، ویرات کوہلی، ایس ایر، کے ایل راہول، ہاردک پانڈیا، روندرا جڈیجا، روی چندران اشون، جسپریت بمراہ، کلدیپ یادیو اور محمد سراج