تبت میں برفانی تودہ گرنے سے امریکی کوہ پیما مقامی گائیڈ سمیت ہلاک

ایک اور امریکی کوہ پیما اور گائیڈ برفانی تودے کی زد میں آکر لاپتا ہوگئے


ویب ڈیسک October 08, 2023
ایک اور امریکی کوہ پیما اور گائیڈ برفانی تودے کی زد میں آکر لاپتا ہوگئے، فوٹو: انسٹاگرام

چین کے علاقے تبت کے پہاڑ شیشاپنگما پر برفانی تودے نے دو افراد کی جان لے لی جن کی شناخت امریکی خاتون کوہ پیما اینا گوٹا اور ان کے نیپالی گائیڈ مینگمار شیرپا کے ناموں سے ہوئی۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق تبت کے ایک پہاڑ کی چوٹی کو 50 سے زائد کوہ پیما سر کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔ اسی دوران برفانی تودا گر پڑا جس کی زد میں آکر دو افراد ہلاک اور دو لاپتا ہوگئے۔

لاپتا ہونے والوں میں امریکی کوہ پیما گینا ماری اور ان کے نیپالی گائیڈ شامل ہیں۔ یہ حادثہ دنیا کی 14 ویں بلند ترین چوٹی کی 7,600 سے 8,000 میٹر کی بلندی پر پیش آیا۔

امدادی کاموں کے دوران ایک کوہ پیما اور ان کے نیپالی گائیڈ کی لاشوں کا سراغ مل گیا تاہم لاپتا کوہ پیما اور ان کے گائیڈ کی تلاش کا کام جاری ہے لیکن موسم کی خرابی رکاوٹ بن رہی ہے۔

یاد رہے کہ اکتوبر کوہ پیماؤں کے لیے چوٹی کو سر کرنے کا سب سے بہترین مہینہ ہوتا ہے جس میں وہ قدرے آسانی سے اس مشکل ہدف کو عبور کرلیتے ہیں اور اس ماہ حادثات بھی نہ ہونے کے برابر ہوتے ہیں۔

تاہم موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث اکتوبر کا مہینہ بھی ان پہاڑوں پر غیر یقینی صورت حال سے دوچار ہے اور موسم کی غیر متوقع خرابی جان لیوا ثابت ہورہی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں