ورلڈکپ ڈیوڈ وارنر نے سچن ٹنڈولکر کا ریکارڈ توڑ دیا
ورلڈ کپ کی تاریخ میں تیز ترین 1000 رنز بنانے والے بیٹر بن گئے
آسٹریلیا کے اوپنر ڈیوڈ وارنر نے ورلڈ کپ میں تیز ترین 1000 رنز بنانے کا سابق بھارتی بلے سچن ٹنڈولکر اور جنوبی افریقا کے اے بی ڈی ویلیئرز کا ریکارڈ توڑ دیا۔
اتوار کو چنئی میں آئی سی سی ورلڈ کپ کے پانچویں میچ میں ڈیوڈ وارنر ورلڈ کپ کی تاریخ میں تیز ترین 1000 رنز بنانے والے بیٹر بن گئے۔ انہوں نے یہ کارنامہ صرف 19 اننگز میں انجام دیا۔
بھارتی لیجنڈ بلے باز سچن ٹنڈولکر اور جنوبی افریقہ کے اے بی ڈی ویلیئرز نے 1000 رنز 20 اننگز میں بنائے تھے تاہم ڈیوڈ وارنر نے یہ کارنامہ اپنی 19 ویں اننگز میں انجام دیکر ان دونوں مایہ بلے بازوں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
ڈیوڈ وارنر نے اپنے ورلڈ کپ کیریئر کی 19 اننگز میں 60.76 کی اوسط سے تین نصف سنچریوں اور چار سنچریوں کے ساتھ مجموعی طور پر 1033 رنز بنائے ہیں جس کے بعد وہ ایڈم گلکرسٹ اور رکی پونٹنگ کے بعد یہ اعزاز حاصل کرنے والے تیسرے آسٹریلوی بلے باز بن گئے ہیں۔
ایڈم گلکرسٹ نے ورلڈ کپ کیریئر کے 31 میچوں میں 36.16 کی اوسط سے آٹھ نصف سنچریوں اور ایک سنچری کی مدد سے 1085 رنز بنائے جبکہ رکی پونٹنگ نے 46 میچوں میں 45.86 کی اوسط سے چھ نصف سنچریوں اور پانچ سنچریوں کی مدد سے 1743 رنز بنائے ہیں۔
انگلینڈ میں ہونے والے 2019 کے ورلڈ کپ میں 36 سالہ ڈیوڈ وارنر 10 میچوں میں 647 رنز کیساتھ دوسرے ٹاپ اسکورر تھے۔