الیکشن کمیشن نے لاہور چڑیا گھر اور سفاری پارک کیلیے میگا پروجیکٹ کی منظوری دیدی

چڑیا گھر میں ایک ارب 83 کروڑ 64 لاکھ روپے کی خطیررقم سے نئے جانور لائے جائیں گے


آصف محمود October 08, 2023
فوٹو: فائل

پنجاب وائلڈ لائف کو الیکشن کمیشن کی طرف سے لاہورچڑیا گھر اور سفاری پارک میں میگا پروجیکٹ کی منظوری مل گئی، محکمہ خزانہ کی طرف سے فنڈز ملنے کے بعد تعمیراتی کام شروع ہوگا۔

الیکشن کمیشن کی طرف سے ترقیاتی منصوبوں کی منظوری ملنے کے بعد لاہور چڑیا گھر اور وائلڈلائف سفاری پارک انتطامیہ نے ہنگامی بنیادوں پر کام کا آغاز کرنے کے لیے تیاریاں شروع کردی ہیں۔

لاہور چڑیا گھر میں ایک ارب 83 کروڑ 64 لاکھ روپے کی خطیررقم سے نئے جانوروں اورپرندے لانے سمیت بین الاقوامی معیار کے مطابق مختلف پراجیکٹ مکمل کیے جائیں گے ۔اسی طرح لاہورسفاری زو کے لیے دوارب 45 کروڑ 32 لاکھ روپے کی رقم منظور کی گئی ہے۔

لاہور چڑیا گھر حکام کے مطابق محکمہ خزانہ کی طرف سے فنڈز ملنے کے بعد ترقیاتی کام شروع ہوجائے گا، تمام تیاریاں مکمل ہیں۔ لاہور چڑیا گھر کی اپ گریڈیشن کا منصوبہ دوسال میں مکمل ہوگا تاہم چند اہم کام دوسے ڈھائی ماہ میں مکمل کیے جائیں گے۔

نگراں وزیراعلی پنجاب کی خواہش ہے کہ وہ جنوری کے وسط میں افتتاح کریں ۔ چڑیا گھر انتظامیہ کے مطابق ترقیاتی کام شروع ہونے پر چڑیا گھر کو سیاحوں کے لیے بند کردیا جائے گا۔

چڑیا گھر میں 66 کروڑ روپے کی خطیررقم سے نئے جانوراورپرندے لائے جائیں گے جن میں زیادہ تر افریقی جانورہوں گے ۔ نگران وزیراعلی پنجاب کو چین کی طرف سے پانڈ ے بھی تحفے میں ملنے کا امکان ہے جنہں لاہور چڑیا گھر میں رکھا جائے گا۔

پانڈے ترقیاتی منصوبے میں شامل نہیں ہیں، یہ چین کی طرف سے تحفہ ہوگا۔ پانڈہ کی دیکھ بھال کے لیے ملازم بھی چین ہی سے آئیں گے اوردوسال تک یہاں رہیں گے۔ پانڈہ کی دیکھ بھال ،خوراک اور اس کی دیکھ بھال کرنے والے چینی ملازمین کی تنخواہیں لاہور چڑیا گھر ادا کرے گا۔

چڑیا گھرکی موجودہ پارکنگ میں توسیع کی جائے گی، مال روڈ پرنیا داخلی گیٹ ، اعلی معیارکی فوڈ کورٹ بنائی جائے گی اور دریائی گھوڑے کو شیشے کے تالاب میں چھوڑا جائے گا۔ علاوہ ازیں پاکستان میں پہلی بار ورچوئیل ریئلٹی کے ذریعے ہالوگرام ٹیکنالوجی سے قدیم اورنایاب جانوروں کو دیکھا جاسکے گا۔

اسی طرح لاہورسفاری زو میں بھی ہاتھی ، زرافہ، چمپینزی سمیت دیگرجانورلائے جائیں گے۔ فوڈ کورٹ، نائٹ سفاری کی سہولت متعارف کروائی جائے گی اور اسے شہر کی سب سے اہم اور معیاری تفریح گاہ بنایا جائے گا۔ سفاری پارک کے اہم منصوبوں میں ڈیزرٹ ، افریقی تھیم پر نئی سفاری بنانا شامل ہے۔

سفاری پارک کے ڈپٹی ڈائریکٹرغلام رسول نے بتایا کہ ورکس ڈیپارٹمنٹ کے ساتھ مل کرتمام پیپرورک مکمل ہوچکا ہے، اب صرف محکمہ خزانہ کی طرف سے فنڈز ملنے کا انتظارہے۔

دوسری طرف جوڈیشل واٹر اینڈ انوائرمینٹل کمیشن نے لاہور ہائیکورٹ کو تجویز دی ہے کہ اسموگ سیزن میں تعمیراتی پراجیکٹ شروع نہیں ہونا چاہیے جسے لاہورہائیکورٹ نے منظور کرلیا ہے۔

لاہور ہائیکورٹ کی ہدایات کے مطابق آئندہ سال فروری تک کوئی نیا ترقیاتی منصوبہ شروع نہیں کیا جاسکتا، پنجاب وائلڈلائف اگر لاہورہائیکورٹ کی ہدایات پرعمل کرتا ہے تو پھر فروری 2024 تک چڑیا گھروں کی اپ گریڈیشن کا کام شروع نہیں کیا جاسکتا۔

تاہم لاہور چڑیا گھر کے حکام نے بتایا کہ انہیں ابھی تک کوئی آفیشل ہدایات نہیں ملی ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں