بھارتی کرکٹ ٹیم نے اپنی تاریخ کا نیا ریکارڈ بنالیا

ویرات کوہلی کا کیچ ڈراپ کرنا آسٹریلیا کیلئے مہنگا ثابت ہوا

فوٹو: کرک انفو

آسٹریلیا کے خلاف میچ کے دوران بھارتی ٹیم نے اپنی او ڈی آئی کرکٹ کی تاریخ کا نیا ریکارڈ بنالیا۔

اتوار کو چنئی میں ورلڈ کپ کے پانچویں میچ میں آسٹریلیا نے بھارت کو جیت کیلئے 200 رنز کا ہدف دیا تھا جس کے تعاقب میں بھارت کی تین وکٹیں صرف 2 رنز کے مجموعی اسکور پر گرگئیں۔

ای سی پی این کرک انفو کے مطابق بھارتی کرکٹ ٹیم کی ون ڈے کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے جب ان کے ٹاپ چار میں سے تین بلے باز کھاتہ کھولے بغیر ہی پویلین روانہ ہوگئے۔

بھارت کے دونوں اوپنرز روہت شرما اور ایشان کشان ڈک پر آؤٹ ہوئے جبکہ چوتھے نمبر کے بلے باز شریاس آئر بھی کوئی رن بنائے بغیر ہی پویلین لوٹ گئے۔


یہ بھی پڑھیں: ورلڈ کپ؛ بھارت نے آسٹریلیا کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی

دونوں اوپنرز کا کھاتہ کھولے بغیر پویلین لوٹ جانا بھارتی کرکٹ کی تاریخ میں سات بار ہوچکا ہے جن میں سے آخری تقریباً بیس سال قبل 2004 میں زمبابوے کے خلاف میچ میں ہوا تھا۔

بھارتی اننگز کے دوران آٹھویں اوور میں جوش ہیزل ووڈ کی گیند پر مچل مارش نے 12 رنز پر موجود ویرات کوہلی کا ایک آسان کیچ چھوڑ دیا جو آسٹریلیا کیلئے کافی مہنگا ثابت ہوا۔

اگر وہ یہ کیچ پکڑلیتے تو بھارت کی 20 رنز کے مجموعی اسکور پر چار وکٹیں گرجاتیں جس سے آسٹریلیا کی میچ پر گرفت مزید مضبوط ہوسکتی تھی۔

بعد ازاں ویرات کوہلی نے اسی میچ میں 85 رنز بناکر ٹیم کی جیت میں کلیدی کردار ادا کیا۔
Load Next Story