آئی سی سی نے ورلڈکپ میچز میں جارو کی شرکت پر پابندی لگادی

غیر متعلقہ شخص کے با آسانی میدان میں پہنچ جانے سے سکیورٹی انتظامات پر سوالات اُٹھ گئے


ویب ڈیسک October 08, 2023
فوٹو: ٹوئٹر

آئی سی سی نے ورلڈ کپ میچز میں یوٹیوب پرینکسٹر جارو کی شرکت پر پابندی لگادی۔

اتوار کو چنئی میں بھارت اور آسٹریلیا کے میچ میں اُس وقت عجیب صورتحال پیدا ہوگئی جب برطانوی یوٹیوب پرینکسٹر ڈینیئل جارویس (جارو) بھارتی ٹیم کی جرسی پہن کر گراؤنڈ کے اندر کھلاڑیوں کے درمیان فیلڈنگ کرنے پہنچ گیا۔

مذکورہ پرینکسٹر کی جرسی پر جارو 69 لکھا ہوا تھا تاہم کچھ دیر بعد سکیورٹی اسٹاف نے اُسے پکڑ کر گراؤنڈ سے باہر نکال دیا۔

سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ویڈیو میں جارو کو سکیورٹی اسٹاف کی جانب سے پکڑ کر لے جاتے اور ویرات کوہلی کو انکے پاس بھاگتے ہوئے آکر کچھ کہتے دیکھا جاسکتا ہے۔


واضح رہے کہ انگلینڈ سے تعلق رکھنے والا مذکورہ یوٹیوب پرینکسٹر ایک سیریل پچ حملہ آور بن چکا ہے جس کی ویڈیوز وہ اپنے یوٹیوب چینل پر اپ لوڈ کرتا ہے۔

جارو نے 2021 میں انگلینڈ اور بھارت کی ٹیسٹ سیریز کے دوران تین مرتبہ میدان میں کھلاڑیوں کی جرسی پہن کر گھس جانے کے بعد شہرت حاصل کی تھی۔


اوول میں انگلینڈ کے کھلاڑی جونی بیرسٹو سے ٹکرانے کے بعد اُس پر سنگین جرم کا الزام عائد کیا گیا تھا۔ وہ کرکٹ کے علاوہ دیگر بین الاقوامی اسپورٹس مقابلوں میں بھی یہی حرکات کرچکا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق جارو ورلڈ کپ 2023 کے میچز میں دوبارہ نظر نہیں آسکے گا کیونکہ آئی سی سی نے اُس پر ٹورنامنٹ کے آئندہ تمام میچز میں اسٹیڈیم میں داخل ہونے پر پابندی عائد کردی ہے۔

بھارت میں ورلڈ کپ میچز کے دوران دہشتگردی کی دھمکیوں کے باوجود ایک غیر متعلقہ شخص کے یوں با آسانی میدان میں گھس کر کھلاڑیوں کے قریب پہنچنے سے سکیورٹی انتظامات پر بھی سوالات اُٹھ گئے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔