اسٹیئرنگ کمیٹی کے متنازع منٹس پیپر پیٹرن تبدیل انٹر امتحانات پہلے کرانے کی سفارش

منٹس غلط جاری کردیے گئے ہیں، اسے منسوخ سمجھا جائے، سیکریٹری اسکولز ایجوکیشن


Safdar Rizvi October 09, 2023
[فائل-فوٹو]

 

محکمہ اسکول ایجوکیشن سندھ کی جانب سے اسٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس کے فیصلوں کے جاری منٹس(روداد) نے پورے صوبے کے تعلیمی حلقوں میں ابہام اور بے چینی پیدا کردی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق اسٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس میں سالانہ تعلیمی کلینڈر سے متعلق منٹس جلد بازی میں جاری کردیے گئے ہیں۔ اسٹیئرنگ کمیٹی کے جاری کردہ ان منٹس میں نویں ، دسویں ، گیارہویں اور بارہویں جماعتوں کے امتحانات کا پیپر پیٹرن تبدیل کرنے جبکہ انٹر کے سالانہ امتحانات پہلے اور میٹرک کے بعد میں لینے کی سفارش کی گئی ہے۔

محکمہ تعلیم کی اسٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس 19 ستمبر کو نگراں وزیر تعلیم رانا حسین کی زیر صدارت ہوا تھا اور اس اجلاس کے منٹس 27 ستمبر کو جاری کیے گئے جس میں پورے سندھ میں میٹرک اور انٹر کے سالانہ امتحانات کا پیپر پیٹرن ایک بار پھر تبدیل کرنے کی بات کی گئی اور سالانہ امتحانات میں ایم سی کیوز پر مشتمل سوالات کا تناسب کوویڈ19 کے عرصے میں لیے گئے امتحانات کی طرز پر بڑھا دیا گیا اور کہا گیا ہے کہ سوالنامہ 60 فیصد descriptive اور 40 فیصد objective (ایم سی کیوز) ہوگا۔

یہ بھی خیال رہے کہ ایم سی کیوز چار یا پانچ سال کے بعد گذشتہ سیشن سے واپس 20 فیصد کردیے گئے ہیں جبکہ باقی 80 فیصد descriptive میں 40 فیصد مختصر جوابات اور 40 فیصد ہی تفصیلی جوابات کا حصہ ہے

مزید براں اسٹیئرنگ کمیٹی کے جاری منٹس کے مطابق پورے سندھ میں انٹر کے سالانہ امتحانات پہلے اور میٹرک کے بعد میں کردیے گئے۔ جاری کردہ منٹس میں کہا گیا ہے کہ سندھ کی انٹر کے سالانہ امتحانات 20 اپریل 2024 جبکہ میٹرک کے اس کے ایک ماہ بعد 17 مئی 2024 سے شروع کیے جائیں۔

علاوہ ازیں اسٹیئرنگ کمیٹی کے منعقدہ اس اجلاس میں امتحانات کی تاریخوں اور نئے تعلیمی سیشن 2024 کے آغاز سے متعلق حتمی فیصلے کے لیے ذیلی کمیٹی بنائی گئی جسے ان تجاویز پر اپنی سفارشات پیش کرنی ہے۔

ایکسپریس نے اس حوالے سے سیکریٹری اسکولز ایجوکیشن شیریں ناریجو سے رابطہ کیا تو ابتداء میں انھوں نے کچھ وقت مانگا اور بعد ازاں انھوں نے بتایا کہ یہ منٹس غلط جاری کردیے گئے ہیں، اسے منسوخ سمجھیں۔ ہم جلد درست منٹس جاری کررہے ہیں تاکہ ابہام دور ہوسکے۔

شیریں ناریجو کا کہنا تھا کہ اسٹیئرنگ کمیٹی نے یہ معاملات ذیلی کمیٹی کے سپرد کیے ہیں۔ اس کمیٹی کہ سفارشات کی روشنی میں ہی امتحانات، سیشن اور پیپر پیٹرن سے متعلق حتمی فیصلے ہونگے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں