اسرائیل حماس جھڑپ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس بے نتیجہ ختم

سلامتی کونسل اور عالمی قوتیں اسرائیلی قبضے کے خاتمے کے لیے اپنا کردار ادا کرے، فلسطینی سفیر


ویب ڈیسک October 09, 2023
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس مالٹا کی درخواست پر بلایا گیا تھا، فوٹو: فائل

حماس اور اسرائیل کے درمیان تیسرے روز بھی جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے جس پر ہونے والا سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس بغیر کسی نتیجے پر پہنچے ختم ہوگیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق حماس کے اسرائیل پر حملے میں 70 سے زائد فوجیوں سمیت 700 کے قریب یہودی آبادکار ہلاک ہوچکے ہیں جب کہ اسرائیلی بمباری میں بھی شہید فلسطینیوں کی تعداد 400 سے زائد ہوگئی۔

حماس اسرائیل جھڑپ سے پیدا ہونے والی کشیدگی، مشرق وسطیٰ کے امن پر پڑنے والے اثرات اور جنگ بندی کے لیے اقدامات کا جائزہ لینے کے لیے رکن ملک مالٹا کی درخواست پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا بند کمرہ ہنگامی اجلاس ہوا۔

کچھ ممالک نے حماس کے اسرائیل پر حملے کی مذمت کی لیکن اکثر نے اس پر اتفاق نہیں کیا۔ شاید یہی وجہ ہے کہ اس اہم ایشو پر بلائے گئے اجلاس میں نہ تو کوئی باضابطہ قرارداد پیش کی جا سکی اور نہ ہی مشترکہ اعلامیہ جاری ہوا۔

اجلاس کے بعد صحافیوں سے گفتگو میں سینیئر امریکی سفارت کار رابرٹ ووڈ نے روس کا نام لیے بغیر کہا کہ اجلاس میں حماس کی مذمت نہ کرنے والوں میں ایک ایسا ملک بھی تھا جس کا اندازہ آپ خود لگاسکتے ہیں۔

دوسری جانب اقوام متحدہ میں روس کے سفیر ویسیلی نیبنزیا نے کہا کہ ہم فوری جنگ بندی اور ایسے بامعنی مذاکرات کے حق میں ہیں جس کا سلامتی کونسل کئی دہائیوں سے مطالبہ کر رہی ہے۔

ادھر اسرائیلی سفیر نے یرغمال اسرائیلی شہریوں کی تصاویر دیکھا کر حماس کے جنگی جرائم میں ملوث ہونے کی دہائی دی۔

جواب میں فلسطینی سفیر ریاض منصور نے کہا کہ افسوس کی بات ہے، میڈیا اور کچھ سیاست دانوں کی تاریخ وہاں سے شروع ہوتی ہے جہاں اسرائیلی مارے جاتے ہیں اور جہاں اسرائیلی حکومت قاتل ہوتی ہے، یہ چپ سادھے رہتے ہیں۔

فلسطین اتھارٹی کے سفیر ریاض منصور نے مزید کہا کہ یہ وقت اسرائیل کے خوفناک جنگ کے انتخاب کی حمایت کا نہیں بلکہ اسرائیل کو جنگ کے انتخاب سے دستبردار کروا کر امن کا راستہ دکھانے کا ہے جہاں نہ فلسطینی مارے جائیں اور نہ ہی اسرائیلیوں کی جان کو کوئی خطرہ ہو۔

ریاض منصور نے سلامتی کونسل اور عالمی قوتوں پر زور دیا کہ وہ اسرائیلی قبضے کے خاتمے کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔

چین کے سفیر نے اجلاس میں قرارداد کے پیش نہ ہونے اور اعلامیہ جاری نہ ہونے پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ غیر معمولی بات ہے کہ سلامتی کونسل نے کچھ نہیں کہا۔

واضح رہے کہ فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس نے اسرائیل کے خلاف باقاعدہ منصوبہ بندی اور منظم انداز سے شروع کیے گئے ' آپریشن الاقصیٰ فلڈ ' میں اب تک 1000 سے زائد اسرائیلی شہری اور فوجی ہلاک ہوچکے ہیں۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں