بلوچستان میں آپریشن کے دوران 5 دہشت گرد ہلاک میجراورحوالدار شہید
سیکیورٹی فورسز نے ضلع ژوب کے علاقے سمبازہ میں انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن کیا، آئی ایس پی آر
بلوچستان کے ضلع ژوب میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ سے 5 دہشت گرد ہلاک جبکہ ایک میجر اور حوالدار شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع ژوب کے علاقے سمبازہ میں انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن کیا اور دہشت گردوں کو گھیرے میں لے لیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 5 دہشت گردوں ہلاک ہوگئے جبکہ آپریشن کی قیادت کرنے والے میجر سید علی رضا شاہ (عمر 31 سال، ساکن ضلع سرگودھا) اور حوالدار نثار احمد (عمر 38 سال، ساکن ضلع وہاڑی) نے بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے شہید ہوگئے۔
دہشت گردی کے عفریت کو مکمل ختم کرنے کے عزم پر قائم ہیں، وزیراعظم
نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے ضلع ژوب میں دہشت گردوں سے مقابلے میں شہید ہونے والے میجر سید علی رضا شاہ اور حوالدار نثار احمد کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
وزیراعظم نے شہدا کی بلندی درجات اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی اور کہا کہ ہماری بہادر افواج دہشت گردی کے خلاف آہنی دیوار کی طرح کھڑی ہے، پوری قوم شہدا کو سلام پیش کرتی ہے، ہم دہشت گردی کے عفریت کو مکمل ختم کرنے کے عزم پر قائم ہیں۔