اسرائیل نے غزہ کی ناکہ بندی کرکے بجلی اور خوراک کی سپلائی بند کردی

اسرائیل نے ہمارے ایک اسکول کو بھی تباہ کردیا جس میں 73 ہزار فلسطینیوں نے پناہ لے رکھی تھی، اقوام متحدہ

اسرائیل نے غزہ کی بجلی کاٹ دی، خوراک اور ایندھن کی سپلائی روک دی، فوٹو: فائل

اسرائیل نے غزہ کے داخلی اور خارجی راستوں کو بند کرکے ناکہ بندی کردی جب کہ بجلی اور ایندھن کی فراہمی بھی روک دی۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق حماس کی غیر متوقع اور نہایت کامیاب کارروائی سے بوکھلاہٹ کے شکار اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے غزہ کی مکمل ناکہ بندی کا حکم دیا تھا۔

جس کے بعد آج اسرائیلی وزیر دفاع یووگیلنٹ نے تصدیق کی ہے کہ غزہ کی مکمل ناکہ بندی کردی گئی جس کے دوران خوراک اور دیگر اشیائے ضروریہ کی فراہمی کی اجازت نہیں ہوگی۔

اسرائیل نے غزہ کو بجلی کی فراہمی بھی منقطع کردی جس سے اکثر علاقے تاریکی میں ڈوب گئے اور اندھیرے کا فائدہ اُٹھاتے ہوئے اسرائیلی فوج رہائشی علاقوں پر بمباری کر رہی ہے۔


یہ خبر پڑھیں : حماس نے آسمانی ابابیلیں بن کر اسرائیل کا غرور خاک میں ملایا؛ حیران کن انکشافات

اقوام متحدہ نے بھی تصدیق کی ہے کہ اسرائیلی فوج نے ایک ایسے اسکول کو بھی نشانہ بنایا جہاں 73 ہزار سے زائد افراد نے پناہ لے رکھی تھی۔

ادھر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہونے والا اجلاس بھی بے نتیجہ ثابت ہوا تاہم اقوام متحدہ نے مجموعی صورت حال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ غزہ میں سوا لاکھ کے قریب افراد بے گھر ہوگئے۔

یہ خبر بھی پڑھیں : طوفان الاقصیٰ؛ 9 امریکیوں سمیت 800 اسرائیلی ہلاک اور 560 فلسطینی شہید

واضح رہے کہ حماس کے اسرائیل پر حملے میں 9 امریکی سمیت 800 کے قریب اسرائیلی ہلاک ہوگئے تھے جب کہ اسرائیلی فوج کی بمباری میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 550 سے زائد ہوگئی۔
Load Next Story