جرائم پرقابو نہ پانے والے پولیس افسران کو گھر بھیجیں وزیراعلیٰ سندھ

جسٹس ( ر ) مقبول باقر کا کراچی میں جرائم کی صورتحال پر شدید اظہار برہمی، آئی جی سے رپورٹ طلب


ویب ڈیسک October 09, 2023
فوٹو: فائل

نگراں وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر نے جرائم کی صورتحال پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے آئی جی سندھ اور ایڈیشنل آئی جی کراچی سے رپورٹ طلب کرلی۔

جسٹس (ر) مقبول باقر نے گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ہونے والے جرائم کی رپورٹ پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 24 گھنٹوں میں شہر سے 100 موٹرسائیکل چوری اور 18 چھینی گئیں، 5 گاڑیاں چوری ہوئیں، 3 قتل اور 17 افراد زخمی ہوئے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ جرائم کی اس بھیانک صورتحال سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ پولیس کی کرائم کنٹرول پر توجہ نہیں ہے۔

جسٹس (ر) مقبول باقر نے آئی جی سندھ اور ایڈیشنل آئی جی کراچی سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے کہا کہ بتایا جائے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں پولیس نے کتنے اسٹریٹ کرمنلز پکڑ ے اور کتنی پیٹرولنگ کی؟

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ایس ایچ اوز سمیت جو پولیس افسران کرائم کنٹرول نہیں کرپارہے انہیں گھر بھیجیں، شہر کو اچھے پولیس افسران کی ضرورت ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔