عمران خان کی گرفتاری سے پہلے جی ایچ کیو پر حملے کا منصوبہ بنا صداقت عباسی

ریلی نکالنے کا مقصد بھی اسٹیبشلمنٹ کو پیغام دینا تھا، نو مئی عمران خان کی ذہن سازی کا نتیجہ تھا، نجی ٹی وی کو انٹرویو


ویب ڈیسک October 09, 2023
فوٹو فائل

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما صداقت عباسی نے کہا ہے کہ نو مئی کے واقعات چیئرمین پی ٹی آئی کی ذہن سازی کا نتیجہ تھا۔

نجی ٹی وی پروگرام میں گرفتار کرتے ہوئے صداقت عباسی نے انکشاف کیا کہ عمران خان کی گرفتاری سے پانچ روز قبل یعنی چار مئی کو جی ایچ کیو کے قریب ریلی نکالنے کا فیصلہ ہوا تھا جبکہ 7 مئی کو فیصلہ ہوا تھا کہ عمران خان کی گرفتاری کی صورت میں آئی ایس آئی آفس اور جی ایچ کیو پر دھاوا بولنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے واضح کیا کہ ہماری لڑائی اسٹیبشلمنٹ سے ہے، چھ مئی کی ریلی نکالنے کا مقصد بھی اسٹیبشلمنٹ کو پیغام دینا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: تحریک انصاف کے رہنما صداقت عباسی چار ماہ بعد گھر واپس پہنچ گئے

صداقت عباسی نے کہا کہ 'نو مئی کے بعد میں ایک ماہ تک دوست کے گھر میں روپوش رہا اور پھر اہل خانہ کے ساتھ خاموشی سے گلگت چلا گیا تھا'۔

صداقت عباسی نے اسی پروگرام میں عثمان ڈار کی طرح سیاست اور تحریک انصاف کو خیر باد بھی کہا اور کہا کہ وہ ملکی خدمت کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔

مزید پڑھیں: نو مئی کی پلاننگ اور حساس تنصیبات کو نشانہ بنانے کی ہدایت عمران خان نے دی، عثمان ڈار

واضح رہے کہ چند روز قبل اسی طرح سے پی ٹی آئی کے روپوش رہنما عثمان ڈار بھی اچانک ٹی وی پر آئے اور ایک انٹرویو دیا تھا جس میں انہوں نے نو مئی کے واقعات کا ذمہ دار عمران خان کو قرار دیا اور مختلف دعوے بھی کیے تھے جبکہ پروگرام کے دوران ہی انہوں نے تحریک انصاف چھوڑنے اور سیاست سے کنارہ کشی اختیار کرنے کا بھی اعلان کیا تھا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔