عوام کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے والے پولیس اہلکار خود ہی لٹیرے بن گئے
شارٹ ٹرم کڈنیپنگ میں ملوث اہلکاروں کا سراغ لگا کر ایک کو گرفتار کرلیا جبکہ دوسرے کی تلاش ہے، ترجمان ساؤتھ پولیس
عوام کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے والے پولیس اہلکار خود ہی لٹیرے بن گئے.
صدر پولیس نے خفیہ اطلاع اور ٹیکنیکل بنیادوں پر شارٹ ٹرم کڈنیپنگ میں ملوث ٹیپو سلطان تھانے کے 2 اہلکاروں کا سراغ لگا کر ایک اہلکار کو گرفتار کرلیا۔
ترجمان ساؤتھ پولیس کے مطابق گرفتار پولیس اہلکار بابر زمان نے اپنے ساتھی اہلکار عثمان کے ساتھ ملکر کر گزشتہ ماہ دوران ڈیوٹی صدر تھانے کی حدود میں داخل ہو کر رکشا ڈرائیور عبداللہ نامی شہری کو صدر ایف ٹی سی کے قریب روکا اور اسے ڈرا دھمکا کر اپنے ساتھ نامعلوم مقام پر لے جا کر کچھ وقت کے لیے اپنی تحویل میں رکھا جس کے بعد انھوں نے 30 ہزار روپے بھتہ وصول کر کے اسے چھوڑ دیا۔
صدر پولیس کو مذکورہ واقعہ سے متعلق پتہ چلا جس پر پولیس نے خفیہ ذرائع اور ٹیکنیکل بنیادوں پر ٹیپو سلطان تھانے میں تعینات پولیس اہلکار ملزم بابر زمان کو گرفتار کرلیا جبکہ اس کے ساتھی اہلکار عثمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔