اسمگلرز کیخلاف آپریشن کروڑوں مالیت کے سامان سے بھرے 9 ٹرک پکڑے گئے

مختلف مارکیٹوں میں آپریشن کے دوران لاہور کی تاریخ میں اسمگل شدہ سگریٹ کی سب سے بڑی مقدار پکڑی گئی

اسمگلرز اور ان کے سرپرستوں کے گرد گھیرا تنگ کیا جا رہا ہے، ڈائریکٹر کسٹمز انٹیلی جنس لاہور

کسٹمز انٹیلی جنس لاہور نے اسمگلرز کیخلاف گرینڈ آپریشن کرتے ہوئے 22 کروڑ روپے مالیت کے اسمگل شدہ سگریٹ، چھالیہ اور شیشہ فلیورز کے 9 ٹرک پکڑ لیے۔

پولیس اور دیگر اداروں کی معاونت سے لاہور میں اسمگلنگ کے سامان سے بھرے اور اسمگلرز کے لیے محفوظ سمجھے جانے والے ٹھکانوں پر چھاپے مارے گئے۔کارروائیاں شاہ عالم مارکیٹ، پان منڈی اور ریلوے اسٹیشن کے اطراف میں کی گئیں۔ آپریشن کے دوران لاہور کی تاریخ میں اسمگل شدہ سگریٹ کی سب سے بڑی مقدار پکڑی گئی۔

کسٹمز انٹیلی جنس کے ڈائریکٹر جنرل چودھری فیض احمد چدھڑکی ہدایات پر لاہور ڈائریکٹوریٹ نے اسمگلرز کیخلاف گرینڈ آپریشن کیا۔ اسمگلرز کیخلاف آپریشن ایڈیشنل ڈائریکٹر رضوان بشیر کلیر کی نگرانی میں کیے گئے۔صوبائی دارالحکومت کے گنجان آباد علاقوں شاہ عالم مارکیٹ،پان منڈی،ریلوے اسٹیشن ،نولکھا اور اس کے گردو نواح میں مختلف مقامات پر چھاپے مارے گئے جس میں پولیس اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں نے کسٹمز انٹیلی جنس کی معاونت کی ۔

چھاپوں کے دوران اسمگلرز کی طرف سے مزاحمت بھی کی گئی، جسے پولیس نے ناکام بنادیا۔ اس حوالے سے کسٹمز انٹیلی جنس لاہور کے ڈائریکٹر حارث انصاری نے "ایکسپریس"سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایپکس کمیٹی کے فیصلوں کے بعد اسمگلرزکیخلاف زیروٹالرنس کی پالیسی اپنائی گئی ہے ۔ اسمگلرکتنا ہی بااثر کیوں نہ ہو اس کیخلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائیگی۔


انہوں نے کہا کہ اسمگلرزکیخلاف لاہور جیسے بڑے شہر میں کارروائیوں سے ان اشیا کی آگے چھوٹے شہروں کو سپلائی لائن ختم کی جاسکتی ہے۔ ایڈیشنل ڈائریکٹرکسٹمز انٹیلی جنس لاہور چودھری رضوا ن بشیر کلیر نے "ایکسپریس"سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسمگلرز کیخلاف معمول کی کارروائیاں تو جاری رہتی ہیں،لیکن یہ آپریشن ایسے علاقوں میں کیے گئے ہیں جہاں پر عام حالات میں کارروائی کی صورت میں نقض امن کا خدشہ ہوتا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ آپریشن کرنے سے پہلے 2 ہفتے تک انٹیلی جنس معلومات اکٹھی کی گئیں ۔ مختلف اداروں، خصوصا ڈی آئی جی آپریشنز لاہور سید علی ناصر رضوی کیساتھ ان معلومات کا تبادلہ کرتے ہوئے فول پروف آپریشن پلان کیا گیا۔ اسمگلرز شاہ عالم اور پان منڈی میں گینگ کی صورت میں کام کرتے ہیں ۔ اس لیے پولیس بھاری پولیس فورس اور کسٹمز انٹیلی جنس کی بڑی نفری نے اس آپریشن میں حصہ لیا،جس میں لاہور کی تاریخ میں پہلی مرتبہ اسمگل شدہ سگریٹ ،چھالیہ کے 9ٹرک بھر کر سامان پکڑا گیا۔

چودھری رضوان بشیر کلیر نے کہاکہ عام دکاندار،سیلز مین پکڑنے کے بجائے ہم اسمگلرز اور ان کے سرپرستوں کے گرد گھیراتنگ کر رہے ہیں ۔ اس سلسلے میں آئندہ چند روز میں بڑی گرفتاریاں کی جائینگی۔ اسمگلرز کیخلاف مقدمہ درج کرکے قانونی کارروائی شروع کردی گئی ہے۔

واضح رہے کہ وفاقی حکومت کی ہدایت پر اسمگلنگ کیخلاف پھرپور کارروائیاں جاری ہیں۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں میں مضبوط رابطہ کاری سے ملک بھر میں کسٹمز کے مختلف ڈائریکٹوریٹ اسمگلرز کیخلاف کارروائیاں کررہے ہیں۔ ان کارروائیوں کے دوران ایسے مقامات پر بھی چھاپے مارے جارہے ہیں جو اس سے پہلے اسمگلرز اور سمگل شدہ اشیاءکے محفوظ ٹھکانے سمجھے جاتے تھے ۔
Load Next Story