جیو کے معاملے پر پیمرا ارکان نے منگل کو دوبارہ اجلاس بلا لیا

امریکی غلیل میں بھارتی بارود بھرکر عوام پر پھینکا جا رہا ہے، میاں شمس

امریکی غلیل میں بھارتی بارود بھرکر عوام پر پھینکا جا رہا ہے، میاں شمس فوٹو: فائل

افواج پاکستان کیخلاف جیوکی طرف سے منفی پراپیگنڈہ کرنے کے معاملہ پرپیمرا ہیڈکوارٹرز میں منعقدہ اجلاس میں ارکان نے کہا ہے کہ وزارت دفاع کی شکایت کا معاملہ وزارت قانون کوبھیجنا غیرقانونی ہے۔


پیمراکے پرائیویٹ ارکان اسرار عباسی' فریحہ افتخار'میاں شمس اجلاس میں موجود تھے جبکہ زیبا حسن بذریعہ سکائپ اجلاس میں شریک ہوئیں ۔ پیمرا کے پرائیویٹ ممبرز نے حکومت کی جانب سے اتھارٹی کاطے شدہ اجلاس منسوخ کرنے پر شدید احتجاج کیا ۔ان پیمرا ارکان نے20 مئی بروز منگل کو دوبارہ اجلاس بلالیا ہے۔میاں شمس نے کہا کہ امریکی غلیل میں بھارتی بارود بھرکر عوام پر پھینکا جا رہا ہے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ جیوگروپ کو غیر ملکی امداد حاصل ہے،انہوں نے کہا جیو نے افواج پاکستان اور اسلام کیخلاف مواد نشرکرکے پاکستان اور اسلام دشمنی کا ثبوت دیا ہے۔

جیوکیخلاف وزارت دفاع کی شکایت کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ پیمرا فیصلہ کا مکمل اختیار رکھتا تھا۔میاں شمس کا کہنا تھا کہ کورم پورا تھا ہم فیصلہ کرسکتے تھے ہمیں اور ارکان کی بھی حمایت حاصل ہے مگر ہم چاہتے ہیں متفقہ فیصلہ کیا جائے اور جیوکیخلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے،انہوں نے کہا ہم امیدکرتے ہیںکہ تمام ممبران20 مئی کو اجلاس میں شرکت کریںگے۔فریحہ افتخار نے کہا اگلے اجلاس میں تمام ارکان شرکت کریں، معاملہ کو زیادہ الجھانے کے بجائے سزا کا تعین کریںگے۔
Load Next Story