کراچیڈی ای او ساؤتھ کااساتذہ اور والدین سے لاکھوں روپے بٹورنےکا انکشاف

امتیاز بگھیو ہر تیسرے ماہ سینٹرل اگزام کے نام پر ہر اسکول سے 10 سے 20 ہزار وصول کر رہے ہیں؛ تحقیقات کرینگے، وزیرتعلیم


فوٹو: فائل

محکمہ تعلیم کی طرف سے طلبا کو مفت تعلیم کی یقین دہانی کے باوجود ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر ساؤتھ کی جانب سے مبینہ طور پر اساتذہ اور والدین سے پیسے وصول کیے جانے کا انکشاف، نگران وزیر تعلیم نے تحقیقات کی ہدایت دے دی۔

تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر امتیاز بگھیو کے خلاف والدین اور محکمہ تعلیم کے متعلقہ افسران نے نگران وزیر تعلیم کو تحریری شکایت ارسال کردی ہے جس میں ان کو ہٹانے کا مطالبہ کیا ہے۔

اساتذہ اور والدین کی جانب سے منسٹر ، سیکریٹری، اینٹی کرپشن کو کی گئی شکایت کے مطابق سرکاری درسگاہوں میں مفت تعلیم کے بجائے مختلف حیلے بہانوں سے ہزراوں روپے وصول کیے جارہے ہیں، محکمہ تعلیم کے ضلع جنوبی کے افسر امتیاز بگھیو مبینہ طور پر اساتذہ اور والدین سے پیسے وصول کرتے ہیں۔

ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر ساؤتھ امتیاز بگھیو ہر تیسرے ماہ سینٹرل اگزام کے نام پر ہر اسکول سے 10 سے 20 ہزار وصول کر رہے ہیں، ضلع جنوبی میں 78 اسکولز ہیں اس طرح وہ ہر سہ ماہی تقریباً 12 لاکھ مبینہ طور پر وصول کرتے ہیں۔ اس طرح وہ سال میں 4 مرتبہ پیسے وصول کرکے 40 لاکھ سے زائد کما رہے ہیں۔

شکایت کے مطابق صوبے بھر میں بھی تعلیم مفت ہے، حکومت کی جانب سے درسی کتب بھی مفت دی جاتی ہیں، نگران وزیر تعلیم کو ارسال کی گئی شکایت میں مطالبہ کیا گیاہے کہ کسی ایماندار افسر کو یہ چارج دیا جائے اور امتیاز بگھیو کو فوری طور پر ہٹایا جائے۔

وزیر تعلیم رعنا حسین نے ایکسپریس کے پوچھنے پر بتایا کہ شکایت پر ہم اس کی ضرور تحقیقات کریں گے، ہماری کوشش ہوتی ہے کہ ہر بچہ تعلیم حاصل کرے کسی کے ساتھ ناانصافی نہ ہو۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں