الیکشن کمیشن نےانتخابی ضابطہ اخلاق پرمشاورت کیلیے سیاسی جماعتوں کو مدعو کرلیا
چیف الیکشن کمشنر کے زیرصدارت مشاورتی اجلاس کل ہوگا جس میں سیاسی جماعتوں سے مجوزہ ضابطہ اخلاق پر تجاویز لی جائیں گی
الیکشن کمیشن نے تمام سیاسی جماعتوں کو انتخابی ضابطہ اخلاق مشاورت کے لیے مدعو کرلیا، مشاورتی اجلاس کل الیکشن کمیشن سیکریٹریٹ میں ہوگا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق الیکشن کمیشن نے اہم مشاورتی اجلاس طلب کرلیا ہے جس میں تمام سیاسی جماعتوں کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔
اجلاس الیکشن ایکٹ 2017کے سیکشن 233 کے تحت سیاسی جماعتوں سے انتخابی ضابطہ اخلاق پر مشاورت کے لیے بلایا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے ضابطہ اخلاق کی کاپی تمام سیاسی جماعتوں کے سربراہان کو بھجوا دی ہے۔
اجلاس کل دن دو بجے الیکشن کمیشن سیکرٹریٹ میں چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کے زیرصدارت ہوگا جس میں تمام سیاسی جماعتوں سے مجوزہ انتخابی ضابطہ اخلاق پر ان کی تجاویز لی جائیں گی۔
اجلاس میں سیکریٹری الیکشن کمیشن عمر حمید، اسپیشل سیکریٹری سمیت تمام صوبائی ممبران اور دیگر حکام بھی شریک ہوں گے۔