کراچی مسلح ڈاکو سرکاری ملازمین کو سرعام یرغمال بنا کر 71 لاکھ روپے لوٹ کر فرار
پولیس تمام پہلوؤں پر تحقیقات کر رہی ہے اور جلد ڈاکوؤں کا سراغ لگا لیا جائے گا، ایس ایس پی ساؤتھ
جناح اسپتال کے قریب پل پر مسلح ڈاکوؤں کا گروہ اوورسیز ایمپلائز کارپویشن کے ملازمین کو سرعام یرغمال بنا کر 71 لاکھ روپے لوٹ کر فرار ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق جناح اسپتال کے قریب پل پر کار اور موٹر سائیکل سوار نصف درجن سے زائد مسلح ڈاکو اوورسیز ایمپلائز کارپوریشن کے ملازمین سے 71 لاکھ روپے چھین کر فرار ہوگئے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی صدر پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی اور واردات کے حوالے سے معلومات حاصل کیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اوورسیز ایمپلائز کارپوریشن کے ملازمین جناح اسپتال کے قریب بینک سے رقم نکلوا کر کار میں جا رہے تھے، جیسے ہی وہ جناح اسپتال کے قریب پل پر پہنچے تو ایک کرولا کار اور 2 موٹرسائیکلوں پر سوار مسلح ڈاکوؤں نےانہیں اسلحے کے زور پر یرغمال بنا لیا اور کار کی ڈگی میں موجود رقم کا بیگ نکال کر فرار ہوگئے جس میں 71 لاکھ روپےموجود تھے۔
دریں اثنا صدر پولیس نے ڈکیتی کا مقدمہ ڈائریکٹر تنویر حسین کی مدعیت میں درج کرلیا ہے، مدعی مقدمہ کے مطابق انھوں ںے چیک دے کر ڈیٹا انٹری آپریٹر عادل ، نائب قاصد جمشید اختر اور ڈرائیور جاوید بیگ کو مہران کار نمبر جی اے اے 559 مہران کار میں نجی بینک کی جے پی ایم سی برانچ بھیجا تھا۔
دن پونے تین بجے کے قریب میرے پی اے طارق نے مجھے بتایا کہ عادل نے فون پر اطلاع دی ہے کہ ڈاکو ہم سے رقم چھین کر لے گئے ہیں، اس اطلاع پر میں بمقام جناح اسپتال پل پہنچا اور وہاں پر عادل سے ملاقات ہوئی۔
تنویر حسین کے مطابق اس دوران تینوں نے مجھے بتایا کہ ہم 71 لاکھ روپے بینک سے نکلوا کر بیگ میں ڈال کر کار کی ڈگی میں رکھ دفتر آرہے تھے کہ پونے تین بجے کے قریب جناح اسپتال پل کے اوپر رفیقی شہید روڈ پہنچے تو ایک سفید رنگ کی ٹویوٹا کرولا کار نے سائیڈ کر کے ہماری گاڑی کو روک دیا۔
اسی دوران 3 موٹر سائیکلوں پر سوار 6 اشخاص آئے جو کہ شلوار قمیض پہنے ہوئے تھے جس میں ایک پینٹ شرٹ میں تھا اور موٹر سائیکلوں سے اترتے ہی اسلحہ تان کر کہا کہ چابی دے دو اور کار کی ڈگی کھولو جس کے بعد انھوں ںے ڈگی کھول کر اس میں موجود بیگ اور دوسرا بیگ جس میں کاغذات تھے سیٹ سے اٹھا لیا اورموٹر سائیکلوں اور میں بیٹھ کر لکی اسٹار کی جانب فرار ہوگئے جبکہ بیگ میں 71 لاکھ کی رقم موجود تھی۔
مدعی مقدمہ کے مطابق واردات کے وقت موجود عادل ، جاوید اور جمشید سامنے آنے پر ملزمان کو شناخت کر سکتے ہیں جس پر پولیس نے مقدمہ نمبر 270 سال 2023 بجرم دفعہ 395 کے تحت مقدمہ درج کر کے انویسٹی گیشن پولیس کے حوالے کر دیا۔
واردات کے حوالے سے ایس ایس پی ساؤتھ کا کہنا ہے کہ ڈاکوؤں کے فرار ہونے والے روٹ کی سی سی ٹی وی فوٹیجز حاصل کی جا رہی ہیں، شبہ ہے کہ ڈاکوؤں کو رقم نکلوا کر لے جانے کا پہلے سے علم تھا تاہم پولیس تمام پہلوؤں پر تحقیقات کر رہی ہے اور جلد ڈاکوؤں کا سراغ لگا لیا جائے گا۔