کراچی میں پی پی کی سابق ایم پی اے کے بنگلے کا گھریلو ملازمہ صفایا کر گئی

ملازمہ فاطمہ اپنی بہن کے ساتھ آئی اور پانچ لاکھ روپے نقد سمیت طلائی زیورات لے کر فرار ہوئی، مقدمہ درج


Munawar Khan October 10, 2023
فوٹو فائل

شہر قائد کے علاقے ڈیفنس فیز 6 اور درخشاں تھانے کی حدود میں پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی) کی سابق ایم پی اے سعدیہ جاوید کے بنگلے سے گھریلو ملازمہ اپنی بہن کے ہمراہ بنگلے کا صفایا کر کے فرار ہوگئی۔

سابق ایم پی اے نے دعویٰ کیا کہ گھریلو ملازمہ بنگلے سے طلائی زیورات اور نقدی لے کر گئی جن کی مالیت 90 لاکھ روپے کے قریب بنتی ہے جبکہ پانچ لاکھ روپے کیش بھی اسی میں شامل ہے۔

درخشاں پولیس نے واقعہ کا مقدمہ درج کر کے انویسٹی گیشن پولیس کے حوالے کر دیا۔ اس حوالے سے مدعی مقدمہ نوید خان نے پولیس کو بیان دیا ہے کہ وہ زمیندار ہیں اور گزشتہ ماہ 20 ستمبر کو اپنے پرانے ملازم علی کے کہنے پر ایک فاطمہ نامی خاتون کو بطور ملازمہ گھر میں رکھا جو اپنے ساتھ بہن اور والدہ کو بھی ہاتھ بٹانے کیلیے لاتی تھی۔

مدعی مقدمہ کے مطابق فاطمہ گھر میں صفائی ستھرائی کا کام کرتی تھی، وہ بہن کے ساتھ چھ اکتوبر کو حسب معمول صبح 10 بج کر چالیس منٹ پر گھر میں داخل ہوئی اور تقریبا سوا تین بجے دونوں روانہ ہوگئیں۔ دوسرے روز 7 اکتوبر کو اہلیہ نے فون پر واردات کے حوالے سے بتایا۔

انہوں نے بتایا کہ جب گھر میں فاطمہ کے کام پر آنے کا معلوم کیا تو وہ نہیں آئی تھی اور اُس کا موبائل بھی بند تھا، جس پر اب تک کوئی رابطہ نہیں ہوا۔

پولیس نے نوید خان کی مدعیت میں گھریلو ملازمہ اور بہن کے خلاف مقدمہ درج کر کے کیس انویسٹی گیشن پولیس کے حولاے کردیا ہے تاہم پولیس فوری طور پر ملزمان کا سراغ لگانے میں ناکام رہی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں