2024

اسرائیل کی طوفان الاقصیٰ آپریشن کے منصوبہ ساز کے گھر پر بمباری 4 افراد شہید

اسرائیلی بمباری میں القسام کے کمانڈر کے 60 سالہ بھائی، ان کی 40 سالہ بہو اور ڈھائی سالہ پوتی شہید ہوگئے


ویب ڈیسک October 11, 2023
اسرائیل کا حملے کے منصوبہ ساز القسام کمانڈر کے گھر پر بمباری، فوٹو: فائل

اسرائیل نے القسام کے کمانڈرالضیف کے والد کے گھر پر وحشیانہ بمباری کی جس میں ان کے 60 سالہ بھائی، ایک خاتون اور ڈھائی سالہ بچہ شہید ہوگئے۔

العربیہ نیوز کے مطابق اسرائیل نے غزہ میں ایک رہائشی عمارت کو نشانہ بنایا جس سے عمارت منہدم ہوگئی اور ملبے تلے درجنوں افراد دب گئے جن میں بچے بھی شامل ہیں۔

امدادی کاموں کے دوران اس گھر کے ملبے سے اب تک 60 سالہ عبد الفتاح الضیف، 40 سالہ خاتون مدحت عبدالفتاح اور ان کی ڈھائی سالہ بچی کی لاش مل گئی جب کی ایک بیٹی کو انتہائی زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا۔

شہید ہونے والا خاندان القسام بریگیڈ کے کمانڈر محمد الضیف کے بھائی کا تھا جب کہ اب بھی خاندان کے دیگر افراد ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔ شہادتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

یاد رہے کہ القسام بریگیڈ کے کمانڈر محمد الضیف نے اسرائیل پر حملے کی ایسی محفوظ منصوبہ بندی کی تھی جس نے عالمی قوتوں سمیت اسرائیل کو چونکا کر رکھ دیا۔

محمد الضیف کے تیار کیے گئے اس منصوبے کی وجہ سے حماس کے جانباز نہ صرف اسرائیلی سرزمین میں داخل ہونے میں کامیاب ہوگئے بلکہ فوجی اڈوں تک بھی پہنچ گئے۔ اس حملے میں مارے گئے اسرائیلیوں کی تعداد 1200 سے تجاوز کرگئی ہے۔

واضح رہے کہ القسام کے کمانڈر محمد الضیف کی اہلیہ، بیٹی اور بیٹا 2014 میں اسرائیل کے حملے میں شہید ہوگئے تھے۔

 

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں