‘‘پی آئی اے کا مجموعی خسارہ 713 ارب روپے ہے35 میں سے 15طیارے گراؤنڈ ہیں‘‘
نجکاری کا عمل تیز کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، کسی ملازم کو بیروزگار نہیں کیا جائے گا، وزیر برائے نجکاری
نگراں وفاقی وزیر برائے نجکاری فواد حسن فواد نے کہا ہے کہ پی آئی اے کا ایک سال میں خسارہ 156 ارب روپے جبکہ مجموعی خسارہ 713 ارب روپے ہے، پی آئی اے کے 34 میں سے 15 جہاز گراؤنڈ ہیں، صرف 19 جہاز اڑ رہے ہیں اس میں سے بھی بعض گراؤنڈ ہوتے رہتے ہیں۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا کہ نجکاری کا عمل تیز کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، کسی ملازم کو بیروزگار نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں جن سیکٹرز میں حکومت مستقل نقصان اٹھا رہی ہے جو ناقابل برداشت ہے اور اس سے حکومت کی مالی حیثیت کمزور ہورہی ہے ان اداروں کی نجکاری ضرورہونی چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ میں نے ہر مرحلے پر پی آئی اے کی نجکاری کے لیے دلائل دیے، کابینہ کے اندر کسی معاملے میں رائے مختلف ہوسکتی ہے، اگر وزیر اعظم کسی معاملے پر اس کا حتمی فیصلہ کر لیتے ہیں تو میں اس کی مکمل سپورٹ کروں گا ۔
نگراں وفاقی وزیر برائے نجکاری فواد حسن فواد نے کہا کہ کچھ جہاز جن کی 17سال فلیٹس کی عمر ہے وہ بھی کبھی اڑتے اور گراونڈ ہوتے رہتے ہیں، ہم چند جہازوں کو اڑانے کی خاطر 50کروڑ روپے روزانہ کی بنیاد پر نقصان کررہے ہیں۔