وزیراعظم نے کابینہ ارکان کو غیر ضروری بیرون ملک دوروں سے روک دیا

کابینہ اجلاس میں اسرائیلی بربریت کی شدید مذمت، سابق جج سہیل ناصر کی بطور ڈپٹی چیئرمین نیب تعینات کرنے کی مںظوری


ویب ڈیسک October 11, 2023
فوٹو:فائل

وزیراعظم نے کابینہ ارکان کو غیر ضروری بیرون ملک دوروں سے روک دیا جبکہ نگراں کابینہ نے لاہور ہائی کورٹ کے سابق جج سہیل ناصر کی بطور ڈپٹی چیئرمین نیب اور سید احتشام قادر شاہ کی بطور نیب پراسیکیوٹر جنرل اکاﺅنٹیبلٹی تعینات کرنے کی منظوری دی۔

نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا۔ اجلاس کے بعد نگراں وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نے کابینہ ارکان کو ہدایت کی کہ ایسے دورے نہ کئےجائیں جو ضروری نہ ہوں۔

ڈپٹی چیئرمین نیب اور نیب پراسیکیوٹر کی تعیناتی کی مںظوری

کابینہ نے لاہور ہائی کورٹ کے سابق جج سہیل ناصر کی بطور ڈپٹی چیئرمین نیب تعیناتی اور سید احتشام قادر شاہ کی بطور نیب پراسیکیوٹر جنرل نیب تعینات کرنے کی منظوری دی۔

انہوں نے بتایا کہ کابینہ اجلاس میں پی آئی اے کی نجکاری کے لئے فنانشل ایڈوائزری کنسورشیم کی خدمات لینے کی منظوری دی گئی۔ وزارت خارجہ کی سفارش پر بریگیڈیئر شاہد عامر افسر کو پاک چین تعلقات کے فروغ کے لئے چین کی طرف سے تفویض کردہ میڈل وصول کرنے کی منظوری دی۔

وفاقی کابینہ نے وزارت داخلہ کی سفارش پر پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مابین طے شدہ حوالگی کے معاہدے کے تحت دھوکے بازی کیس میں مطلوب پاکستانی شہری ملزم شہزاد احمد ولد ولی محمد قریشی کی حوالگی کی منظوری دی۔

کابینہ نے کویت اور پاکستان کے مابین طے شدہ حوالگی معاہدے کے تحت ایک اور پاکستانی مطلوب شہری ارشد علی ولد مظہر علی کی حوالگی کی بھی منظوری دی۔ وفاقی کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 3 اکتوبر 2023ءکو منعقد ہونے والے اجلاس میں کئے گئے فیصلوں کی توثیق کی۔

نگراں وزیر اطلاعات نے بتایا کہ اجلاس میں کابینہ کمیٹی آن اسٹیٹ اون انٹر پرائزز (ریاستی ملکیتی ادارے) کے بارے میں 21 اور 28 جنوری کو ہونے والے اجلاسوں میں فیصلوں کی توثیق کی۔

افغان شہریوں کا انخلا

انہوں نے بتایا کہ ایسے افغان شہریوں کے خلاف کارروائی نہیں ہو رہی جو گزشتہ 40 سالوں سے پاکستان میں مقیم ہیں اور ان کے پاس پی او آر کارڈز موجود ہیں، ایسے افغان شہریوں کے خلاف بھی کارروائی نہیں ہو رہی جنہیں پچھلی افغان حکومت نے سٹیزن شپ کارڈ جاری کیا گیا، ان کی تصدیق کے عمل میں اس وقت کی افغان حکومت کے نمائندے بھی شامل تھے۔

انہوں نے کہا کہ 31 اکتوبر کی رضاکارانہ واپسی کی ڈیڈ لائن ان لوگوں کو دی گئی ہے جن کے پاس ویزا یا کوئی قانونی دستاویز موجود نہیں، وہ غیر قانونی طور پر یہاں مقیم ہیں۔ نگراں وزیراطلاعات نے بتایا کہ ہزاروں کی تعداد میں ایسے غیر قانونی مقیم افراد واپس جانا شروع ہو گئے ہیں۔

 

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں