پریکٹس پروسیجر ایکٹ کیس فیصلہ اہم سیاسی شخصیات کا ردعمل
ماضی کے فیصلے سے متعلق شق کا نواز شریف پر کوئی اثر نہیں پڑے گا، شہباز شریف
سپریم کورٹ کے فل کورٹ بینچ کی جانب سے سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر کیس کے خلاف تمام درخواستیں مسترد کرتے ہوئے ایکٹ کو قانون کے مطابق قرار دے جانے کے بعد ملک کی اہم سیاسی شخصیات نے اپنے ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیراعظم شہباز شریف نے سپریم کورٹ کے فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ ماضی کے فیصلے سے متعلق شق کا نواز شریف پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ فیصلہ سپریم کورٹ کے کام کو جمہوری بناتا اور پارلیمنٹ کا احترام کرتا ہے۔
عدالت سے سیاسی امیدیں لگانے والوں کے ہاتھ صرف مایوسی آئی ہے، پی ٹی آئی
علاوہ ازیں پاکستان تحریک اںصاف (پی ٹی آئی) نے سپریم کورٹ کے فیصلے پر کسی بھی پارٹی کا نام لیے بغیر کہا کہ عدالت سے سیاسی امیدیں لگانے والوں کے ہاتھ صرف مایوسی آئی ہے۔
پی ٹی آئی کی جانب سے مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کا نام لیے بغیر کہا کہ ''تاحیات نااہلی کی اطلاع پر پلیٹ لیٹس کی گراوٹ کا پھر سے امکان ہے''۔
سپریم کورٹ کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں، راجہ پرویز اشرف
پیپلز پارٹی کے رہنما راجہ پرویز اشرف نے بھی سپریم کورٹ کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمان عوامی فلاح کیلیے قانون سازی کرتا ہے۔